امریکی سینیٹ نے جمعے کی شام گئے ایک قرارداد منظور کی جس میں 12جنوری کو ہیٹی کے زلزلے کے باعث پیدا ہونے والے انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے بحالی اور تعمیرِ نوکے کام میں مدد دینے پر زور دیا گیا ہے۔
اِس قرارداد کے محرک ، سینیٹ کی امورِ خارجہ کمیٹی کے چیرمین اور میساچیوسٹس سے ڈیموکریٹک پارٹی کے ایوان کے رُکن، جان کیری اور انڈیانا سے ری پبلیکن پارٹی کے سینیٹر اور رینکنگ میمبر ڈِک لوگر تھے۔
قرارداد میں امریکی حکومت اور بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ زلزلے کی تباہی سے نکلنے کے لیے حکومتِ ہیٹی کو ذرائع میسر کیے جائیں، تاکہ وہ زلزلے کے بعد بحالی کا کام سرانجام دے سکے، جِس مقصد کے لیے قومی بحالی اور ترقی کی حکمتِ عملی بنانی ہوگی۔
اِس میں بین الاقوامی مالی اداروں سے کہا گیا ہے کہ ضروری معاشی اور سلامتی کی ترجیحات کے لیےامداد فراہم کریں، اور آئی ایم ایف ، عالمی بینک اور بین الامریکی ترقیاتی بینک پر زور دیا گیا ہے کہ ہیٹی کے بیرونی قرضوں کی ادائگی میں مہلت دی جائے۔
چیرمین کیری نے کہا کہ زلزلے کے بعد امریکہ نے بے حد ضروری امداد فوری طور پر ہیٹی کو فراہم کی۔
اُنھوں نے کہا کہ ہیٹی کو امریکی امداد کے ضرورت ہے لیکن ساتھ ہی ہیٹی کی استعداد بڑھائی جائے تاکہ وہ اپنی تعمیر کا کام انجام دے سکے اور مستقبل کی اپنی ضروریات خود پوری کر سکے۔