امریکہ وادی سوات میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے تقریباً چار ہزار آٹھ سو خاندانوں کو 21 دن کام کرنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ایک پروگرام شروع کر رہا ہے جس سے مقامی معیشتوں میں نقد رقم کے فوری نفوذ اور سیلا ب سےمتاثر ہونے والے معاشی ڈھانچے کو مرمت کرنے میں مدد ملے گی ۔
اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے سے جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہر منتخب کردہ علاقے میں اوزاروں پر مشتمل ایک کٹ تقسیم کی جارہی ہے جس میں ہتھ گاڑیاں، سبل، پھاوڑے ، بیلچے اور فولاد کی پراتیں شامل ہیں ۔
ان اوزاروں سے ٹیمیں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں سڑکیں تعمیر کرنے اور پلوں کی مرمت میں مصروف ہیں۔ ان عارضی ملازمتوں سے کارکن اشد ضرورت کی اشیاء اور خوراک مقامی مارکیٹوں سے خریدیں گے جس سے معیشت کے سدھاراور بحالی کے عمل میں تیزی آئے گی۔
امریکہ پاکستانی عوام کو انسانی بنیادوں پر ہنگامی اعانت کی مد میں 150 ملین ڈالر سے زیادہ کی امداد فراہم کر چکا ہے ۔ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے حکومت پاکستان کی معاونت کے ضمن میں امریکہ کی ترجیحات میں دشوار گزار علاقوں تک رسائی اور وہاں امداد کی فراہمی ، اس امر کو یقینی بنانا کہ سیلا ب سے پیدا ہونے والی موجودہ ہنگامی صورت حال صحت کے کسی بحران سے مزید گھمبیر نہ ہو جائے اور مناسب امریکی وسائل کو مئوثر اور باکفایت طریقے سے استعمال کرنا شامل ہے۔