موصل کو داعش کے شدت پسندوں سے واگزار کرانے میں مدد دینے کے لیے امریکہ عراق میں مزید 560 فوجی تعینات کرے گا، جس سے قبل اِنہی دِنوں عراقی افواج نے شہر کے قریب واقع ایک کلیدی ہوائی اڈا خالی کرا لیا تھا۔
امریکی وزیر دفاع ایش کارٹر نے اس بات کا اعلان پیر کے دِن بغداد کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔
اُنھوں نے کہا کہ یہ اضافی فوج حالیہ دِنوں فتح کیے گئے ’قیارہ ایئرفیلڈ ویسٹ‘ کو مضبوط بنانے کے لیے فراہم کی جارہی ہے، جو موصل کے جنوب میں تقریباً 60 کلومیٹر دور واقع ہے، جو اتحاد کے لیے انتظامی اور فضائی مرکز کی صورت اختیار کرے گا۔
کارٹر نے یہ بات عراق میں داخل ہونے سے قبل اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ بقول اُن کے، ’’اس ایئرفیلڈ پر قبضے کے بعد موصل کے قریب ترین علاقے میں ہمارے پاس لاجسٹک اور فضائی مرکز میسر آچکا ہے‘‘۔
عراق میں اتحادی افواج کے کمانڈر، جنرل شان میک فارلینڈ نے پیر کے روز بغداد میں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ اِن میں سے ’’زیادہ تر‘‘ فوجی قیارہ ویسٹ میں تعینات ہوں گے، جب کہ دیگر فوج دیگر مقامات سے ایئرفیلڈ کی جانب رسد پہنچائیں گے۔
ایش کارٹر نے کہا کہ یہ فوج ’’دِنوں اور ہفتوں۔۔۔‘‘ میں پہنچ جائے گی۔
میک فارلینڈ نے کہا کہ ’’اُنھیں پہلے ہی چوکنہ کر دیا گیا ہے‘‘۔
ایک اعلیٰ امریکی دفاعی اہل کار نے بتایا کہ عراقی افواج کی جانب سے ایئرفیلڈ کو واگزار کرانے کے بعد داعش کے شدت پسندوں کو شکست دینے کی اتحاد کی حکمت عملی طے پروگرام کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔