امریکہ: فوجی اہلکاروں پر دہشت گرد حملوں کا خدشہ

فائل

اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ 'دولتِ اسلامیہ' سے متاثر عناصر امریکہ کو اس کی اپنی سرزمین پر حملوں کا نشانہ بنا سکتے ہیں۔

امریکہ میں تحقیقاتی اداروں نے مسلمان شدت پسندوں کی جانب سے فوجی اہلکاروں پر حملوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

نشریاتی ادارے 'اے بی سی نیوز' کے مطابق 'ایف بی آئی' اور محکمۂ برائے داخلی سلامتی کی جانب سے امریکہ میں قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کے لیے ایک مشترکہ انٹیلی جنس اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔

'اے بی سی نیوز' کے مطابق اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں سرگرم شدت پسند تنظیم 'دولتِ اسلامیہ' سے متاثر عناصر امریکہ کو اس کی اپنی سرزمین پر حملوں کا نشانہ بنا سکتے ہیں۔

اعلامیے میں امریکی فوجیوں اور دیگر سکیورٹی اداروں کے اہلکاروں سے کہا گیا ہے کہ وہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹوں پر موجود اپنے کھاتوں سے ایسا مواد ہٹا لیں جو شدت پسندوں کی توجہ حاصل کرسکتا ہو یا اس کے نتیجے میں سکیورٹی اہلکاروں کی شناخت ظاہر ہوتی ہو۔

ایک مقامی امریکی اخبار نے بھی اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکی محکمۂ دفاع 'پینٹاگون' نے گزشتہ ماہ کینیڈا کے شہر اٹاوا میں ایک شدت پسند کے ہاتھوں دو کینیڈین فوجیوں کی ہلاکت کے واقعے کے بعد امریکی فوجی اہلکاروں کو اسی نوعیت کا انتباہ جاری کیا تھا۔

اخبار کے مطابق 'پینٹاگون' کی جانب سے جاری کیے جانے والے انتباہ میں امریکی سرزمین پر فوجی اہلکاروں پر شدت پسندوں کے حملے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے ان سے خبردار رہنے کا کہا گیا تھا۔