امریکہ کی جانب سے لاہور دھماکے کی مذمت

امریکی محکمۂ خارجہ کے علاوہ ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے بھی لاہور حملے اور اس میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

امریکہ نے لاہور کے گلشنِ اقبال پارک میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرین کے ساتھ اظہارِ ہمدری کیا ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت اس مشکل وقت میں پاکستان کے عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔

بیان میں لاہور حملے کو بزدلانہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ امریکی حکومت حملے میں ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کے لواحقین سے اظہارِ افسوس کرتی ہے اور اس کی نیک تمنائیں لاہور کے عوام کے ساتھ ہیں۔

بیان کے مطابق اس طرح کے حملوں کے نتیجے میں دہشت گردی کو دنیا بھر میں شکست دینے کا امریکہ اور پاکستان کا مشترکہ عزم مزید توانا ہوا ہے۔

امریکی محکمۂ خارجہ نے اپنے بیان میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ امریکی حکومت اپنے پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خطرات کا مقابلہ جاری رکھے گی۔

دریں اثنا ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے بھی لاہور حملے اور اس میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ترک صدر نے اتوار کی شب اپنے پاکستانی ہم منصب ممنون حسین اور وزیرِاعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو ٹیلی فون کرکے لاہور دھماکے پر تعزیت کی۔