امریکہ: بے روزگاری کی شرح میں ریکارڈ کمی

فائل

حکومتی ماہرین کا کہنا ہے کہ روزگار میں اضافہ وسیع پیمانے پر ہے، جس میں پیشہ ورانہ خدمات، آڑھت کا کاروبار، غذائی خدمات اور صحت عامہ کی نگہداشت کے شعبے شامل ہے

جون کے مہینے میں امریکہ میں بے روزگاری کی شرح چھ برس میں اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہے، ایسے میں جب روزگار کے مواقع میں اضافہ جاری ہے۔

محکمہٴمحنت نے جمعرات کو جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا ہےکہ بے روزگاری کی ایک فی صد شرح کے دو نکتے کے تناسب سے کم ہوئی، اور یوں 6.1 فی صد کی سطح پر پہنچی۔

اس مطالعےسے پتا چلتا ہے کہ روزگار کے 288000 مواقع پیدا ہوئے۔ روزگار کے مواقع کی فراہمی میں اضافہ اور بے روزگاری کی شرح اُس سے کہیں زیادہ بہتر ہیں، جس کی معیشت دانوں نے پیش گوئی کی تھی۔

صدر اوباما کے اقتصادیات کے ایک مشیر کا کہنا ہے کہ سال 2000 سے لے کر اب تک پہلی بار ہر ماہ 200000روزگار کے مواقع پیدا ہو رہے ہیں، اور یہ سلسلہ پچھلے پانچ ماہ سے متواتر جاری ہے۔ لیکن، جیسن فرمن نے یہ بھی کہا ہے کہ متعدد خاندان اب بھی طویل مدتی بے روزگاری اور بغیر اضافے کے معاوضے کے چنگل میں پھنسے ہوئے ہیں۔

حکومتی ماہرین کا کہنا ہے کہ روزگار میں اضافہ وسیع پیمانے پر ہے، جس میں پیشہ ورانہ خدمات، آڑھت کا کاروبار، غذائی خدمات اور صحت عامہ کی نگہداشت کے شعبے شامل ہے۔

یہ اعداد و شمار اس بات کا ثبوت ہیں کہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت غیر معمولی سخت ترین موسم سرما کے اثرات جھیلنے کے بعد بحالی کی طرف پلٹ رہی ہے، جس نے اس سال کے شروع کے چند ماہ کے دوران معیشت کو خاصا نقصان پہنچایا تھا۔