امریکی صدارتی انتخابات: الی نوائے پرائمری کے لیے رومنی، سینٹورم کی تیاری

سینٹورم نے کہا ہے کہ اگر وہ منگل کو ہونے والی پرائمری انتخاب جیت گئے تو وہ نومبر میں ہونےو الے صدارتی انتخاب کے لیے ری پبلکن جماعت کی نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے جس میں ان کا مقابلہ ڈیموکریٹ صدر براک اوباما سے ہوگا۔

ری پبلکن جماعت کے صدارتی امیدوار کے انتخاب کے لیے پرائمری انتخاب کا اگلا مرحلہ منگل کو وسطی امریکی ریاست الی نوائے میں ہورہا ہے۔

نامزدگی کی دوڑ میں شریک امیدواران میں سرِ فہرست میساچوسٹس کے سابق گورنر مٹ رومنی اور سابق سینیٹر رک سینٹورم زیادہ سے زیادہ رائے دہندگان کی حمایت حاصل کرنے کے لیے ریاست کے مختلف علاقوں میں انتخابی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

رومنی نے ریاست کے دارالحکومت اسپرنگ فیلڈ میں ری پبلکن حامیوں سے گزشتہ رات کھانے پر ملاقات کی جس کے بعد وہ شکاگو روانہ ہوگئے جہاں وہ معیشت کے موضوع پر اہم خطاب کرنے کے علاوہ ٹائون ہال اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔

انتخابی جائزوں کے مطابق ریاست کے ری پبلکن رائے دہندگان کی اکثریت رومنی کی حمایت کر رہی ہے جب کہ سینٹورم مقبولیت میں دوسرے نمبر پر ہیں۔

سینٹورم نے کہا ہے کہ اگر وہ منگل کو ہونے والی پرائمری انتخاب جیت گئے تو وہ نومبر میں ہونےو الے صدارتی انتخاب کے لیے ری پبلکن جماعت کی نامزدگی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے جس میں ان کا مقابلہ ڈیموکریٹ صدر براک اوباما سے ہوگا۔

سینٹورم انتخابی مہم کے سلسلے میں پیر کو اپنے حامیوں کی جانب سے ریاست کے مختلف شہروں میں نکالے جانے والے جلوسوں میں شریک ہوں گے۔

قبل ازیں اتوار کو جزیرہ نما امریکی علاقے پورٹو ریکو میں ہونے والے پرائمری انتخاب میں رومنی کی حمایت کرنے والے 20 مندوبین کامیاب ہوئے تھے جس کے بعد وہ صدارتی امیدوار کی حیثیت سے نامزدگی کے لیے درکار 1144 حامی مندوبین کے ہدف کے مزید نزدیک پہنچ گئے ہیں۔

امریکی ریاستوں میں جاری پرائمری انتخاب میں اب تک رومنی کے 500 سے زائد حامی مندوبین کامیاب ہوچکے ہیں جس کے باعث وہ انتخابی دوڑ میں شریک اپنے دیگر حریفوں سے خاصا آگے ہیں۔

ادھر انتخابی دوڑ میں شریک دیگر دو امیدواران، ایوانِ نمائندگان کے سابق اسپیکر نیوٹ گنگرچ اور رکنِ کانگریس رون پال کی انتخابی سرگرمیاں ماند پڑتی نظر آرہی ہیں اور دونوں رہنمائوں کی جانب سے پیر کو الی نوائے میں کسی عوامی مصروفیت کا اعلان سامنے نہیں آیا ہے۔

نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹ جماعت کے امیدوار صدر براک اوباما ہوں گے جو مسلسل دوسری مدتِ صدارت کے حصول کے لیے میدان میں ہیں۔

صدر اوباما نے گزشتہ ہفتے انتخابی مہم کے سلسلے میں اپنے آبائی شہر شکاگو کا دورہ کیا تھا جب کہ پیر کی شام وہ واشنگٹن میں اپنی دوبارہ نامزدگی کے سلسلے میں ہونے والے تقریب میں شریک ہوں گے۔

صدر اوباما کی انتخابی مہم کے منتظمین نے اعلان کیا ہے کہ صدر اور ان کے ڈیموکریٹ اتحادیوں نے انتخابی مہم کے اخراجات پورے کرنے کے لیے صرف فروری کے دوران میں 45 ملین ڈالرز کا چندہ اکٹھا کیا ہے۔