رسائی کے لنکس

امریکی صدارتی انتخابات : سینٹورم اور رومنی کے درمیان سخت مقابلہ


امریکی صدارتی انتخابات : سینٹورم اور رومنی کے درمیان سخت مقابلہ
امریکی صدارتی انتخابات : سینٹورم اور رومنی کے درمیان سخت مقابلہ

رواں برس ہونے والے صدارتی انتخاب میں ری پبلکن جماعت کا امیدوار بننے کے لیے رک سنٹورم اور مٹِ رومنی کے مابین انتخابی معرکہ جاری ہے۔

ری پبلکن امیدوار کے انتخاب کے لیے آئندہ ہفتے امریکی ریاستوں ایریزونا اور مشی گن میں پرائمری ووٹنگ ہوگی۔ ایریزونا میں رومنی کو اپنے حریف پر واضح برتری حاصل ہے لیکن مشی گن میں دونوں امیدواروں کے درمیان سخت معرکے کا امکان ہے۔

رائے عامہ کے ایک حالیہ اوسط جائزے کے مطابق مشی گن میں سینٹورم کی مقبولیت 33 اعشاریہ 8 فی صد جب کہ رومنی کی 33 اعشارہ 2 فی صد ہے جب کہ انتخابی دوڑ کی دیگر دو شرکا نیوٹ گنگرچ اور رون پال مقبولیت کی دوڑ میں خاصے پیچھے رہ گئے ہیں۔

ایریزونا کے انتخابی جائزوں میں رومنی کو سینٹورم پر 8 پوائنٹ کی برتری حاصل ہے۔ اس ریاست میں سینٹورم کی مقبولیت 30 فی صد جب کہ رومنی کی 38 فی صد ہے۔

لیکن ری پبلکن کی انتخابی دوڑ کے قومی سطح کے ایک اوسط جائزے سے ظاہر ہوتا ہے کہ سینٹورم اپنے تمام حریفوں سے آگے نکل گئے ہیں اور انہیں 34 فی صد ری پبلکن ووٹرز کی حمایت حاصل ہے۔ رومنی 28 فی صد کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔

بدھ کی شب ری پبلکن امیدوارو ں نے ایریزونا میں ایک انتخابی مباحثے میں شرکت کی جسے پورے ملک میں نشر کیا گیا۔ یہ مباحثہ جنوری کے بعد ری پبلکن امیدواران کے مابین پہلا ٹاکرا تھا۔

پرائمری انتخاب کے نتیجے میں اکثریت حاصل کرنے والا امیدوار رواں برس نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخاب میں ڈیموکریٹ صدر براک اوباما کا مقابلہ کرے گا۔

XS
SM
MD
LG