لندن اولمپکس: اسین بولٹ دوسرا طلائی تمغہ لینے کے لیے بے تاب

مردوں کی 100 میٹر دوڑ میں طلائی تمغہ حاصل کرنے کے بعد جمیکا کے اسین بولٹ کا ایک انداز

مردوں کی 100 میٹر دوڑ میں طلائی تمغہ حاصل کرنے کے بعد جمیکا کے اسین بولٹ کا ایک انداز

جمیکا کے اسین بولٹ اور ان کے ہم وطن حریف یوہان بلیک لندن اولمپکس میں مردوں کی 200 میٹر دوڑ میں طلائی تمغے کے حصول کے لیے جمعرات کی شب ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہونے جارہے ہیں۔
جمیکا کے اسین بولٹ اور ان کے ہم وطن حریف یوہان بلیک لندن اولمپکس میں مردوں کی 200 میٹر دوڑ میں طلائی تمغے کے حصول کے لیے جمعرات کی شب ایک دوسرے کے مدِ مقابل ہونے جارہے ہیں۔

دنیا کے تیز رفتار ترین ایتھلیٹ مانے جانے والے بولٹ اس سے قبل اتوار کو 'لندن اولمپکس' میں مردوں کی 100 میٹر دوڑ جیت کر پہلے ہی سونے کا تمغہ اپنے نام کرچکے ہیں اور اب اولمپکس کے تیرہویں روز اپنے دوسرے طلائی تمغے کے لیے قسمت آزمائی کریں گے۔

اگر انہوں نے آج ہونے والی دوڑ جیت لی تو وہ لگاتار دو اولمپکس میں 100 اور 200 میٹر کی دوڑوں میں طلائی تمغے حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے مرد ایتھیلٹ ہوں گے۔

یوہان بلیک 100 میٹر کی دوڑ میں دوسرے نمبر پر رہے تھے اور 200 میٹر کے مقابلے میں بھی انہیں اسین بولٹ کا قریب ترین حریف گردانا جارہا ہے۔

دریں اثنا مردوں کی 800 میٹر دوڑ کا فائنل مقابلہ بھی جمعرات کوہی ہوگا جس میں کینیا کے ڈیوڈ روڈیشا کو طلائی تمغے کے لیے 'فیورٹ' قرار دیا جارہا ہے۔

مردوں کے 'ٹرپل جمپ' مقابلوں میں امریکہ کے کرسچن ٹیلر اور ول کلے سونے کے تمغے کے لیے 'فیورٹ' ہیں۔

ادھر خواتین کے فٹ بال مقابلوں کے فائنل میں امریکی ٹیم طلائی تمغے کے لیے دفاعی چیمپئن جاپان کے مقابل میدان میں اترے گی۔ گزشتہ اولمپکس میں بھی فٹ بال کا فائنل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا تھا جس میں جاپان نے کامیابی حاصل کی تھی۔

قبل ازیں لندن اولمپکس کے 'ویمن فٹ بال' مقابلوں میں چاندی کے تمغے کے لیے ہونے والے میچ میں کینیڈا نے فرانس کو 0-1 سے شکست دیدی تھی۔

خواتین کے باکسنگ مقابلوں کا اختتام بھی جمعرات کو ہورہا ہے جس میں آخری روز تین طلائی تمغوں کا فیصلہ ہوگا۔ خواتین ہی کے 'واٹر پولو' کے 'گولڈ میڈل' میچ میں امریکہ اور اسپین کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

جمعرات کو ہونے والے ابتدائی میچز کے بعد 'میڈل ٹیبل' پر امریکہ کی برتری برقرار ہے جس نے اب تک 82 تمغے حاصل کیے ہیں۔ چین 78 تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جب کہ روس 53 تمغوں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر آگیا ہے۔

لیکن طلائی تمغوں کے معاملے میں چین کو 36 تمغوں کے ساتھ برتری حاصل ہے۔ اب تک امریکہ نے 34 جب کہ برطانیہ نے 24 سونے کے تمغے حاصل کیے ہیں۔