دھاتی سکے جاری کرنے والے امریکی سرکاری ادارے یو ایس منٹ نے نامور اور ممتاز امریکی خواتین کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری سکے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اس مقصد کے لئے ایک کوارٹر یعنی 25 سینٹ کے سکے پر ان ممتاز خواتین کی شبیہہ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق اعزازی سکے ڈھالنے کا عمل سال 2022 میں شروع کیا جائے گا اور یہ سلسلہ 2025 تک جاری رہے گا۔
یو ایس منٹ کے مطابق، اس پروگرام کا مقصد امریکی خواتین کی کاوشوں اور ملک کی تاریخ میں ان کی جدوجہد اور کارناموں کو سراہنا ہے۔
اس مقصد کے لیے مختلف شعبوں میں اعلیٰ خدمات انجام دینے والی خواتین کا انتخاب کیا گیا ہے، جن کا تعلق مختلف نسلی گروپس اور مختلف جغرافیائی پس منظر سے ہے۔
یہ پروگرام شروع ہونے کے پہلے سال جن خواتین کی شبیہہ پچیس سینٹ یا ایک کوارٹر کے سکے پر نظر آئے گی، ان میں امریکی شاعرہ اور مصنفہ مایا انجیلو، خلا میں سفر کرنے والی پہلی امریکی خاتون سیلی رائیڈ، مقامی (Native American) قبیلے چیروکی کی پہلی خاتون سربراہ ولما مین کلر، چینی نسل سے تعلق رکھنے والی پہلی امریکی ہالی ووڈ سٹار اینا مے وانگ اور نیو میکسیکو میں خواتین کے ووٹ کے استحقاق کی تحریک میں نمایاں کردار ادا کرنے والی ایڈیلینا اوٹیرو وارن شامل ہیں۔
آبائی امریکی یا (Native American) باشندوں پر مشتمل چیروکی قبیلے کے موجودہ سربراہ چک ہوسکن جونئیر اور مین کلر کے شوہر چارلی سوپ نے اس مقصد کے لئے ولما مین کلر کے انتخاب کا خیرمقدم کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ولما مین کلر کی مؤثر لیڈر شپ انہیں اس انتخاب کا بہترین حقدار بناتی ہے۔
ولما مین کلر 1985 سے لے کر 1995 تک امریکی ریاست اوکلاہاما سے تعلق رکھنے والے آبائی امریکی قبیلے چیروکی نیشن کی چیف پرنسپل تھیں۔ ان کا انتقال 2010 میں ہوا۔ نیٹو امیرکن یا آبائی امریکی قبیلوں کی تاریخ میں ولما نمایاں مقام رکھتی ہیں۔
آبائی امریکی (Native American)اخبار انڈین کنٹری ٹوڈے سے بات کرتے ہوئے ولما مین کلر کے شوہر چارلی سوپ نے ولما اور ان جیسا نمایاں مقام رکھنے والی دوسری خواتین کی خدمات کو اس انداز میں خراج تحسین پیش کرنے پر دھاتی سکے جارے کرنے والے امریکی ادارے کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ولما ایک بردبار، نرم دل اور روحانی شخصیت تھیں۔ ان کی لیڈرشپ صرف چیروکی قبیلے کے لیے ہی نہیں بلکہ تمام خواتین اور نسلوں کے لئے اہمیت رکھتی ہے۔ اس سکے کے اجرا سے دنیا بھر میں خواتین اور انڈین قبائل خوش ہوں گے اور اس سے انہیں آگے بڑھنے کی تحریک ملے گی۔ یہی اس سکے کی اصل قیمت ہے۔