کراچی: امریکی خاتون نے دنیا کی سب سے بلند چوٹیوں میں شمار ہونے والے پاکستان کے خطے میں قائم 'کے ٹو' چوٹی سر کرنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی خاتون کوہ پیما وینیزا اوبرین 'کے ٹو' سر کرنے کیلئے انتہائی پر عزم ہیں۔
انھوں نے یہ اعلان حال ہی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا، وینیزا اوبرائن کہتی ہیں کہ "میرے لئے کے ٹو سر کرنا ایک چیلنج ہے اور میں قسمت آزمانے جا رہی ہوں"۔ وینیزا کے بقول، پاکستان، امریکہ تعلقات کی بہتری کے لئے یہ سفر مثبت ثابت ہوگا۔
وینیزا کا مزید کہنا ہے کہ انھیں پاکستان سے بہت محبت اور عزت ملی ہے وہ کے ٹو کی چوٹی سر کرنے کے اس عزم کو مکمل کرکے واپس اپنے ملک جاکر پاکستان کے بارے میں قائم ایک منفی تاثر کو ختم کرنے کی کوشش کریں گی۔
سرکاری خبر رساں ادارے، 'ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق، وینیزا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے، خود کو یہاں آ کر محفوظ پایا"۔
اے پی پی کے مطابق، وینیزا کا مزید کہنا ہے کہ "یہ معرکہ سر کرنے میں انھیں کم از کم چھ ہفتے لگ سکتے ہیں۔ ایک برٹش امریکی ہوتے ہوئے وینیزا نے کے ٹو پر امریکی پاکستانی اور برطانوی پرچم لہرانے کا عزم کیا ہے جو تینوں ممالک میں دوستی اور ایک دوسرے کےساتھ بہتر تعلقات کو ظاہر کرےگا‘‘۔
امریکی برٹش کوہ پیما وینیزا کے کوہ پیمائی کے شوق نے انھیں کے ٹو کی بلند ترین چوٹی تک پہنچا دیا ہے۔ اگر وینیزا کےٹو کی چوٹی سر کرلیتی ہیں تو وہ دنیا کی پہلی امریکی برطانوی خاتون ہوں گی جو کے ٹو سر کرنے کا ریکارڈ قائم کریں گی۔
وینیزا سمیت مزید پانچ کوہ پیما ہیں جو اگلے دنوں پاکستان کی چوٹی کے ٹو سر کریں گے۔ کوہ پیماؤں کی چھ رکنی ٹیم میں وینیزا کےساتھ اسٹالین، منگما، انجچیرنگ، جاملنگ اور ڈیکچنگ شامل ہیں۔
زینیزا اوبرائن اس سے قبل کوہ پیمائی کے کئی مقابلے جیت چکی ہیں جس میں ایک ساتھ سات چوٹیاں سر کرنے پر انھیں گنیز بک آف ورلڈ کا اعزاز بھی مل چکا ہے۔
اب وینیزا کی منزل پاکستان میں قائم دنیا کی بلند ترین پہاڑی کے ٹو ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کی کے ٹو پہاڑی دنیا بھر میں سب سے بلند چوٹیوں میں شمار ہوتی ہے جس کو سر کرنے کے لئے دنیا بھر کے کوہ پیما یہاں آتے ہیں اور اپنی قسمت آزماتے ہیں۔