بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی ایشیا کپ نہیں کھیلیں گے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے 15 ستمبر سے شروع ہونے والے ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے دوران کوہلی کو آرام کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
کوہلی کی جگہ روہیت شرما ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ شیکھر دھون کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
بھارتی ٹیم ان دنوں انگلینڈ میں پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں مصروف ہے جو ایشیا کپ سے چار روز قبل یعنی 11 ستمبر کو ختم ہوگی۔
بھارتی ٹیم ایشیا کپ کے فائنل کے بعد ایک ہفتے سے بھی کم وقت میں یعنی 4 اکتوبر کو دوبارہ ایکشن میں نظر آئے گی جب وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف راج کوٹ میں پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے اس مصروف شیڈول اور پھر ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے بعد ط شدہ دورۂ آسٹریلیا کے پیشِ نظر ہی بھارتی سلیکٹرز نے ویرات کوہلی کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بھارتی سلیکٹر ایم ایس کے پرشاد کا کہنا ہے کہ میچز کے دباؤ کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ایشیا کپ کے دوران ویرات کوہلی کو آرام کرایا جارہا ہے۔ وہ انڈین پریمیر لیگ سے اب تک مسلسل کرکٹ کھیل رہے ہیں۔
ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات کے دو شہروں دبئی اور ابوظہبی میں 15 ستمبر سے 28 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔
ایونٹ میں اہم ترین میچ روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان 19 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا۔