بھارتی انتخابات: چوتھے مرحلے کی پولنگ مکمل، نریندر مودی کا پاکستان مخالف بیان

  • لوک سبھا کے انتخابات میں پیر کو چوتھے مرحلے میں 9 ریاستوں کی 96 نشستوں پر پولنگ ہوئی۔
  • چوتھے مرحلے کے اہم امیدواروں میں اسد الدین اویسی، شتروگھن سنہا، سابق کرکٹر یوسف پٹھان، مہوا مائترا اور اکھلیش یادو قابل ذکر ہیں۔
  • چار مرحلوں کے ساتھ لوک سبھا کی 543 نشستوں میں 381 پر ووٹ ڈالنے کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔
  • بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے پاکستان مخالف بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان نے چوڑیاں نہیں پہنیں تو پہنا دیں گے۔

نئی دہلی — بھارت میں لوک سبھا کے لیے ہونے والے عام انتخابات کا چوتھا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔ پیر کو بھارت نو ریاستوں اور وفاق کے زیرِ انتظام ایک علاقے سمیت 96 حلقوں میں پولنگ ہوئی اور اس دوران کہیں کہیں تشدد کے واقعات بھی پیش آئے۔

الیکشن کمیشن نے تاحال پولنگ ٹرن آؤٹ کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے ہیں۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق شام پانچ بجے تک مجموعی طور پر 62 فی صد ٹرن آؤٹ رہا۔

الیکشن کمیشن کے اہلکاروں کے مطابق چوتھے مرحلے میں پولنگ مجموعی طور پر پرامن رہی۔ البتہ الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں (ای وی ایم) میں گڑبڑ اور پولنگ ایجنٹوں کو پولنگ مراکز میں جانے سے روکنے کی ایک ہزار سے زائد شکایات موصول ہوئیں۔

پیر کو پولنگ کے دوران مغربی بنگال اور آندھرا پردیش کے کچھ علاقوں میں سیاسی جماعتوں کے کارکنان میں مار پیٹ اور تشدد کے واقعات بھی پیش آئے۔

چوتھے مرحلے کے اہم مقابلے

بھارت کے عام انتخابات سات مراحل میں ہو رہے ہیں۔ قبل ازیں 19 اور 26 اپریل اور سات مئی کو پولنگ کے تین مرحلے ہو چکے ہیں جب کہ پیر کو چوتھا مرحلہ مکمل ہوا ہے۔

چوتھے مرحلے میں آندھرا پردیش میں 25، تیلنگانہ میں تمام 17، جھارکھنڈ اور اڑیسہ میں چار چار، اتر پردیش میں 13، مدھیہ پردیش میں آٹھ، بہار میں پانچ، مہاراشٹر میں 11، مغربی بنگال میں آٹھ اور بھارت کے زیرِ انتظام کشمیر میں ایک سیٹ پر ووٹ ڈالے گئے۔

چوتھے مرحلے کے اہم امیدواروں میں اسد الدین اویسی، شتروگھن سنہا، سابق کرکٹر یوسف پٹھان، مہوا مائترا اور اکھلیش یادو قابل ذکر ہیں۔

اسد الدین اویسی کا مقابلہ سابق اداکارہ اور بی جے پی امیدوار مادھوی لتا سے تھا جب کہ یوسف پٹھان کے مدمقابل کانگریس کے سینئر رہنما ادھیر رنجن چوہدری الیکشن لڑ رہے تھے۔

انتخابات کے چار مرحلوں پورے ہونے کے ساتھ لوک سبھا کی 543 نشستوں میں 381 پر ووٹ ڈالنے کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ گزشتہ تین مرحلوں میں ووٹنگ کی شرح 2019 کے مقابلے میں کم رہی ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق کم ٹرن آؤٹ کی بنیادی وجہ بی جے پی کے کارکنوں کا ووٹ دینے کے لیے کم تعداد میں نکلنا ہے۔ لیکن بعض تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ شدید گرمی کے باعث ٹرن آؤٹ متاثر ہوا ہے۔

نریندر مودی کا ایک اور متنازع بیان

انتخابی مہم کے دوران وزیرِ اعظم نریندر مودی کی جانب سے متنازع بیانات کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ پیر کو انہوں نے ایک بار پھر پاکستان سے متعلق ایک متنازع بیان دیا ہے۔

انہوں نے نیشنل کانفرنس کے رہنما فاروق عبداللہ اور کانگریس کے سینئر رہنما منی شنکر ایر کا نام لیے بغیر ان کے بیانات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: "پاکستان نے چوڑیاں نہیں پہنی ہیں۔ ارے بھائی پہنا دیں گے۔ اب ان کو آٹا بھی چاہیے۔ ان کے پاس بجلی بھی نہیں ہے۔ اب ہمیں معلوم نہیں کہ ان کے پاس چوڑیاں بھی نہیں ہیں۔"

واضح رہے کہ فاروق عبداللہ نے وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کے پاکستان کے زیرِ انتظام کشمیر کو واپس لینے سے متعلق بیان پر کہا تھا کہ پڑوسی ملک نے چوڑیاں نہیں پہنی ہوئیں۔ اس کے پاس بھی ایٹم بم ہے جو بھارت کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

گزشتہ ہفتے منی شنکر ایر کی ایک پرانی ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں انھوں نے کہا تھا کہ پاکستان کا احترام کرنا چاہیے۔ کیوں کہ اس کے پاس بھی ایٹم بم ہے۔

Your browser doesn’t support HTML5

’گھس پیٹھیے اور بہت سارے بچے پیدا کرنے والے:' نریندر مودی متنازع بیان پر تنقید کی زد میں

تین مرحلوں کی پولنگ سے قبل وزیرِ اعظم مودی کانگریس، پاکستان اور مسلمانوں پر متعدد الزامات لگا چکے ہیں۔

انہوں نے تیسرے مرحلے کی پولنگ کے روز ایک انتخابی تقریر میں کہا تھا کہ انہیں لوک سبھا کی 400 نشستیں اس لیے چاہئیں تاکہ کانگریس رام مندر پر ’بابری تالا‘ نہ لگا سکے اور دفعہ 370 کو بحال نہ کرسکے۔

انہوں نے اتوار کو مغربی بنگال کے برک پور میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ ممتا بنرجی کی حکومت کے دوران دراندازی میں اضافے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی طاقت بنگال میں شہریت کے ترمیمی قانون، سی اے اے کے نفاذ کو نہیں روک سکتی۔

یاد رہے کہ ممتا بنرجی کا مؤقف ہے کہ وہ اپنی ریاست میں سی اے اے نافذ نہیں ہونے دیں گی۔

جب کہ کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے، راہل گاندھی، پرینکا گاندھی اور سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعظم مودی ملک کے اصل مسائل پر عوام کو جواب دیں۔

SEE ALSO: بی جے پی کی سیاست بھارت کی جنوبی ریاستوں میں کامیاب کیوں نہیں؟

سینئر تجزیہ کار اور ’مسلم پولیٹیکل کونسل‘ کے صدر ڈاکٹر تسلیم رحمانی کا کہنا ہے کہ رام مندر کے افتتاح کے بعد ایسا لگتا تھا کہ بی جے پی کو اکثریت حاصل ہو جائے گی۔ لیکن انتخابی تاریخوں کے اعلان کے بعد حالات رفتہ رفتہ تبدیل ہونے لگے۔

وائس آف امریکہ سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم مودی کی جانب سے مسلمانوں کے حوالے سے متنازع بیانات دیے جانے لگے جسے غیر مسلموں نے بھی پسند نہیں کیا۔

سینئر تجزیہ کار وویک شکلا وزیرِ اعظم مودی کے بیانات کے حوالے سے کہتے ہیں کہ انتخابی مہم بہت نچلی سطح پر پہنچ گئی ہے۔ مودی کو مسلمان، پاکستان، منگل سوتر اور اس جیسے بیانات دینے کی کوئی ضرورت نہیں تھی۔

ڈاکٹر تسلیم رحمانی کے مطابق ابتدائی تین مرحلوں میں پولنگ کم ہونے کی وجہ سے بی جے پی کے رہنماؤں پر بوکھلاہٹ طاری ہے اور اسی وجہ سے وزیرِ اعظم مودی متنازع بیانات دے رہے ہیں۔

ان کے خیال میں اب جو صورتِ حال ابھر کر سامنے آ رہی ہے اس کے پیشِ نظر کہا جا سکتا ہے کہ مرکز میں بی جے پی کی حکومت نہیں بنے گی۔

SEE ALSO: دہلی کے وزیرِ اعلیٰ اروند کیجری وال ضمانت پر رہا

وویک شکلا کہتے ہیں کہ ہر پارٹی کے اپنی جیت کے دعوے ہیں۔ وہ اس بات سے انکار کرتے ہیں کہ ٹرن آؤٹ میں کمی کی وجہ بی جے پی کارکنوں کا ووٹ دینے کے لیے کم تعداد میں نکلنا ہے۔ وہ اس کی وجہ شدید گرمی بتاتے ہیں۔

وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ کم ٹرن آؤٹ کا یہ مطلب نہیں کہ حکمراں جماعت ہار رہی ہے۔ جب ٹرن آؤٹ زیادہ ہوتا ہے تب تبدیلی کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔ پھر بھی وہ کہتے ہیں کہ یہ قیاس آرائیاں ہیں، سائنسی فارمولہ نہیں۔

ڈاکٹر تسلیم رحمانی کے خیال میں اس وقت راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی انتخابی بیانیہ تیار کر رہے ہیں اور بی جے پی دفاعی پوزیشن میں آگئی ہے۔ اس کو مجبور ہو کر اپوزیشن کے تیار کردہ بیانیے کا جواب دینا پڑ رہا ہے۔

عوامی حلقوں میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم) میں گڑبڑ کے خدشات کا اظہار کیا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ کم نشستیں ملنے کے باوجود بی جے پی جوڑ توڑ کرکے اپنی حکومت بنا لے گی۔ لیکن کچھ لوگوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس کا امکان کم ہے۔

SEE ALSO: بھارتی کشمیر میں لوک سبھا انتخابات: سیاسی جلسوں میں پاکستان کا ذکر کیوں؟

وویک شکلا کہتے ہیں کہ اس سے کوئی انکار نہیں کر سکتا کہ گزشتہ 10 برس میں ملک میں ترقی ہوئی ہے۔ بنیادی ڈھانچے کا فروغ ہوا ہے۔ جہاں تک ملازمتوں کا سوال ہے تو دنیا بھر میں سرکاری ملازمتیں کم ہو رہیں اور مہنگائی بڑھ رہی ہے۔

دریں اثنا مرکزی وزیرِ داخلہ امت شاہ نے سینئر کانگریس رہنما منی شنکر ایر کے اس پرانے بیان پر ردِ عمل ظاہر کیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بھارت کو پاکستان کا احترام کرنا چاہیے کیوں کہ اس کے پاس بھی ایٹم بم ہے۔

امت شاہ نے اتوار کو اتر پردیش کے پرتاپ گڑھ میں ایک ریلی میں بولتے ہوئے کہا کہ منی شنکر اور فاروق عبد اللہ کہتے ہیں کہ پاکستان کا احترام کرو اور پاکستان کے کنٹرول والے کشمیر کے بارے میں بات مت کرو۔ انہوں نے راہل گاندھی سے کہا کہ اگر وہ پاکستان سے ڈرتے ہیں تو ڈریں ہم نہیں ڈرتے۔

واضح رہے کہ منی شنکر ایر اور فاروق عبد اللہ کا مؤقف یہ ہے کہ پاکستان سے مذاکرات کرنے کی ضرورت ہے۔

SEE ALSO: بھارتی کشمیر میں لوک سبھا انتخابات؛ بی جے پی حصہ کیوں نہیں لے رہی؟

سپریم کورٹ کے ایک سابق جج مدن بی لوکور، دہلی ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس اے پی شاہ اور صحافی این رام نے راہل گاندھی اور نریندر مودی سے کہا ہے کہ وہ کسی عوامی مقام پر انتخابی ایشوز پر ایک دوسرے سے ڈبیٹ کریں تاکہ ملک ان کے خیالات جان سکے۔

راہل گاندھی نے اس دعوت کو قبول کر لیا ہے جس پر امیٹھی سے بی جے پی کی امیدوار اسمرتی ایرانی نے ان سے پوچھا کہ کیا وہ اپوزیشن اتحاد کی جانب سے وزیرِ اعظم کے عہدے کے امیدوار ہیں۔

ادھر جیل سے رہا ہونے کے بعد عام آدمی پارٹی کے رہنما اروند کیجری وال نے ہفتے کو دہلی میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نریندر مودی اپنے لیے نہیں بلکہ امت شاہ کے لیے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ وہ اگلے سال ستمبر میں 75 سال کے ہو جائیں گے اور اپنے بنائے فارمولے کے تحت سیاست سے سنیاس لے لیں گے اور امت شاہ کو وزیرِ اعظم بنا دیں گے۔

اس پر امت شاہ اور بی جے پی صدر جے پی نڈا نے کہا کہ بی جے پی کے آئین میں ایسی کوئی شق نہیں ہے اور مودی اپنی پانچ سالہ مدت مکمل کریں گے۔

SEE ALSO: راہل گاندھی اسمرتی ایرانی کے خلاف الیکشن کیوں نہیں لڑ رہے؟

دریں اثنا ’نیشنلسٹ کانگریس پارٹی‘ (این سی پی) کے سینئر رہنما شرد پوار نے یہ بیان دے کر سیاست میں ہلچل مچا دی ہے کہ آئندہ چند برس میں چھوٹی سیاسی جماعتیں کانگریس میں ضم ہو جائیں گی۔ اس پر وزیرِ اعظم مودی نے ان سے کہا کہ انہیں اپنی پارٹی ضم کرنی ہے تو بی جے پی میں کریں کانگریس تو ختم ہو رہی ہے۔

سینئر تجزیہ کار نیرجا چوہدری نے اپنے ایک مضمون میں لکھا ہے کہ اس بیان سے انتخابات میں شرد پوار کی پارٹی کو فائدہ پہنچ سکتا ہے اور ان کی پارٹی کے رہنما بی جے پی کے مقابلے میں کانگریس میں ضم ہونے کو ترجیح دیں گے۔ لیکن کانگریس سے نکلی دوسری پارٹیاں بھی ایسا کریں گی اس کا امکان معدوم ہے۔