واہگہ بم دھماکہ، بھارت نے سرحد پر سکیورٹی بڑھا دی

فائل

ذرائع کے مطابق، بی ایس ایف کی بکتربند گاڑیاں ’بابِ آزادی‘ تک چکر لگا رہی ہیں۔ بی ایس ایف کے حکام نے سرحد سیل کر دی ہے۔ دھماکے سے بھارتی سرحد کے اندر بھی افراتفری مچ گئی۔ دھماکے کی آواز سن کر لوگ ادھر ادھر بھاگنے لگے

واہگہ سرحد پر، پاکستان کے اندر، ہونے والے طاقتور بم دھماکے کے بعد، بھارت نے بین الاقوامی سرحد پر سکیورٹی بڑھا دی ہے۔

بھارتی پنجاب میں، اٹاری سرحد پر، بارڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے حکام نے کہا ہے کہ تقریبا ًدو کلومیٹر کی مسافت پر بم دھماکہ سنا گیا۔

بی ایس ایف کے انسپیکٹر جنرل، اشوک کمار نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ’اِس واقعے کے بعد، ہم نے پوری سرحد پر اپنے جوانوں کو الرٹ کر دیا ہے‘۔

اُنھوں نے مزید بتایا کہ، ’بھارتی علاقہ محفوظ ہے۔ ہم چوکس ہیں۔ ہم نے اپنی سکیورٹی بڑھا دی ہے اور ریاستی پولیس اور ضلعی حکام سے مستقل رابطے میں ہیں‘۔

بی ایس ایف حکام نے بتایا ہے کہ اتوار ہونے کے وجہ سے پرچم اتارنے کی تقریب دیکھنے کے لیے زیادہ لاگ آئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ، اِسی طرح، پاکستان کی طرف بھی عام دِنوں کے مقابلے میں زیادہ لوگ موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق، بی ایس ایف کی بکتربند گاڑیاں ’بابِ آزادی‘ تک چکر لگا رہی ہیں۔

بی ایس ایف کے حکام نے سرحد کو سیل کر دہا ہے۔ دھماکے سے بھارتی سرحد کے اندر بھی افراتفری مچ گئی۔ دھماکے کی آواز سن کر لوگ ادھر ادھر بھاگنے لگے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ’ٹوئٹر‘ پر اپنے بیان میں اِس بم حملے کی مذمت کی ہے۔