نِک ویلنڈا وہ پہلا شخص ہے جنھوں نے بلندی پر پانچ سینٹی میٹرچوڑی رسی پرچلتے ہوئے نیاگرا فالز کو کامیابی سے سر کرلیا ہے۔
ویلنڈا زمین سے بلندی پر رسی پر چل کر کرتب کا مظاہر کرنےوالے’فلائنگ ویلنڈاس‘ کے مشہور خاندان کے چشم و چراغ ہیں۔ اُنھوں نے جمعے کی شب ہزاروں شائقین کی موجودگی میں مشرقی نیو یارک ریاست میں نیاگرا کے امریکی حصے سے کینیڈا کی طرف بلند رسی پر چلنا شروع کیا۔
تینتیس سالہ ویلنڈا نے، جو ایک شوہر اور والد ہیں، رسی پر چلتے ہوئےدھند اور آندھی کےخراب موسم میں 550میٹر کا راستا 25منٹ میں طے کیا۔
بہادری کے اِس کرتب کو ’اےبی سی‘ نے ملک بھر کےٹیلی ویژن ناظرین کو براہِ راست نشر کیا۔ چینل کا اصرار تھا کہ اونچائی سےگِرپڑنے کے اندیشے کو پیش ِنظر رکھتے ہوئے اُنھیں حفاظتی رسی باندھے رکھنا چاہیئے۔ ویلنڈا نے رسی باندھی ضرور لیکن 60میٹر کی بلندی پر اور نیچے تیزی سے بہتے ہوئے پانی کے اوپر چلتے ہوئے اِس تاریخی سفر میں اُنھوں نے اِس کا استعمال نہیں کیا۔
ویلنڈا نے بتایا کہ نیاگرا کے آبشار کےاوپر سفر کرتےوقت اُنھیں اپنے خاندان کی یاد ضرور آئی۔
ایک صدی سے زیادہ عرصہ قبل ایک درجن سے زائد کرتب دھکانے والے آبشار کے ایک نسبتاًًٍٍ کم خطرناک حصے کے اوپررسی پر سفر کر چکے ہیں۔
ویلنڈا نے اے بی سی کو بتایا کہ اُن کی خواہش ہے کہ ایریزونا کی جنوب مشرقی ریاست کے گرانڈ کینیون کے زیادہ وسیع علاقے پر رسی پر چلنے کا مظاہرہ کیا جائے۔
اِسی قسم کے کرتب کرتے ہوئے، ویلنڈا خاندان کے دو افراد کی موت بھی واقع ہو چکی ہے۔