رسائی کے لنکس

نیاگرا فالز کا واحد حلال فوڈ سٹال


نیاگرا فالز کو دنیا کا ایسا عجوبہ مانا جاتا ہے جس نے صدیوں سے دنیا بھر کو حیرت میں مبتلا کر رکھا ہے۔اسی وجہ سے ہر سال دنیا بھر سے لاکھوں سیاح نیاگرا فالز دیکھنے کے لیےامریکہ اور کینیڈا کا رخ کرتے ہیں۔

نیاگرافالزکو دنیا بھر میں اس کی خوبصورتی کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے۔ اسی لیے رات اترنے کے ساتھ ہی ان فالز کی خوبصورتی نمایاں کرنے کے لیے روشنیوں کا خاص اہتمام کیا گیا ہے۔

نیاگرا فالز کی مناسبت سے اس شہر کو امریکہ اور کینیڈا دونوں طرف نیاگرا فالز شہر کا نام دیا گیا ہے۔ امریکی نیاگرا فالز شہر رات کو بہت پرسکون دکھائی دیتا ہے۔

اور اگر رات میں نیاگرا فالز شہر کی سیر کے دوران آپ کی نظر شہر کے واحد حلال فوڈ ٹرک پر پڑ جائے تو کیا ہی کہنے۔

ملیے ناصر بٹ صاحب سے جن کا تعلق پاکستان کے شہر راولپنڈی سے ہے اور جنہوں نے نیاگرا فالز اور امریکی بارڈر سے چند قدم کے فاصلے پر ایک فوڈ ٹرک کھولا۔ یہ فوڈ ٹرک شہر میں حلال کھانوں کا واحد مرکز ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ میں 2001ء میں یہاں آیا تو یہاں کوئی حلال کھانا موجود نہیں تھا تو میں نے سوچا کہ کیوں نہ میں یہاں آکر حلال کھانے کا بزنس شروع کروں۔

آج ان کے کھانے کی دھوم اس چھوٹے سے شہر کے کونے کونے میں پھیل چکی ہے۔ناصر بٹ نے امیگریشن آفس کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہاں کے اکثر لوگ میرے اسٹال سے کھانا لیتے ہیں، سٹیٹ پولیس کے اہل کار بھی میرے گاہک ہیں ۔

اس حلال فوڈ ٹرک کے مالک سے مل کر آپ کو احساس ہوگا کہ بزنس تو وہ امریکہ میں کر رہے ہیں لیکن دل انکا آج بھی پاکستان میں ہی دھڑکتا ہے۔ اسی لیے پاکستان کا نام سنتے ہی ناصر بٹ صاحب کی آنکھیں نم ہوجاتی ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ تکلیف ہوتی ہے اپنے ملک کے حالات سن کر۔ ایسی ایسی باتیں سنتے ہیں کہ واللہ اعلم وہ صحیح ہیں یا نہیں۔ جو خبریں ٹی وی دیتا ہے ہم تو اسی کا یقین کرتے ہیں۔
ہم یہی دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو اور وہاں رہنے والے بہن بھائیوں کو خیریت سے رکھے۔

XS
SM
MD
LG