کرکٹ: ویسٹ انڈیز نے انڈر19 ورلڈ کپ جیت لیا

بھارتی بالروں نے ویسٹ انڈین بلے بازوں کو نسبتاً آسان ہدف حاصل کرنے سے روکنے کی پوری کوشش کی۔

ویسٹ انڈیز نے آئی سی سی انڈر-19 کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں فیورٹ بھارت کو اپ سیٹ شکست دے کر پہلی بار ٹورنامنٹ اپنے نام کرلیا ہے۔

ویسٹ انڈین ٹیم نے اتوار کو ڈھاکہ کے شیرِ بنگلہ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں بھارت کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ ویسٹ انڈیز کی فتح میں ان کے باؤلنگ اٹیک نے بنیادی کردار ادا کیا۔

میچ کے آغاز پر ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی لیکن بھارتی ٹیم کے بیٹنگ لائن کالی آندھی کے سامنے مکمل بے بس نظر آئی۔

بھارت کی پوری ٹیم 1ء45 اوورز میں 145 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سرفراز خان 51 رن بنا کر ٹاپ اسکورر رہے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزاری جوزف اور رائن جان نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

جواباً بھارتی بالروں نے ویسٹ انڈین بلے بازوں کو نسبتاً آسان ہدف حاصل کرنے سے روکنے کی سر توڑ کوشش کی۔

انتیسویں اوور میں 77 کے مجموعی اسکور پر ویسٹ انڈیز کے پانچ کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے اور ایسا لگ رہا تھا کہ میچ بھارت کی گرفت میں آگیا ہے۔

لیکن اس موقع پر کیسی کارٹی اور کیمو پال کی محتاط بلے بازی کے طفیل آخری اوور میں ویسٹ انڈیز مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ کارٹی 52 اور پال 40 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

کیسی کارٹی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا جب کہ تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیم بنگلہ دیش کے کپتان مہدی حسن میراز 'مین آف دی ٹورنامنٹ' کے اعزاز کے حق دار قرار پائے۔