بنگلہ دیش کے شہر فتح اللہ میں کھیلے جانے والے انڈر 19 عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔
پیر کو پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان ذیشان ملک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ درست ثابت نہ ہو سکا۔ محض 55 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی پانچ وکٹیں گر گئیں۔
تاہم بعد میں عمیر مسعود اور سلمان فیاض نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 164 رنز کی عمدہ شراکت قائم کی۔
عمیر مسعود نے دو چھکوں اور 15 چوکوں کی مدد سے سینچری اسکور کی۔ وہ رائن جان کی گیند پر 113 رنز بنا کر املاچ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے جب کہ سلمان فیاض 58 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 227 رنز بنائے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے ہولڈر نے دو، جوزف، سپرنگر، جان اور پال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
228 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز نے اپنی بیٹنگ کا آغاز پراعتماد طریقے سے کیا۔ ہیٹمائر اور املاچ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بالترتیب 52 اور 54 رنز بنائے۔
پاکستانی باؤلرز ویسٹ انڈیز کے بلے بازوں کے آگے بالکل بے بس نظر آئے اور یوں ویسٹ انڈیز نے مقررہ ہدف پانچ وکٹوں کے نقصان پر 40 اوورز میں حاصل کر لیا۔
پاکستان کی جانب سے شاداب خان، سمین گل اور احمد شفیق نے ایک ایک وکٹ لی۔
عمیر مسعود میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
انڈر 19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنلز کے لیے ویسٹ انڈیز کے علاوہ جن ٹیموں نے کوالیفائی کیا ہے ان میں بنگلہ دیش، بھارت اور سری لنکا شامل ہیں۔
سیمی فائنل میں بھارت کا مقابلہ سری لنکا سے ہو گا جبکہ ویسٹ انڈیز اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔