پشاور میں بچوں کی ہلاکت کے گھناؤنے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے، وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے کہا ہے کہ شدت پسندوں کے ہاتھوں اب تک ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد مسلمان ہی ہیں، جب کہ انتہا پسند نظریاتی طور پر مغرب کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔
منگل کے روز اخباری بریفنگ میں، جوش ارنیسٹ نے کہا کہ’یہ سنگدل اور ذہنی طور پر قلاش شدت پسند‘ بے گناہ انسانوں کو ہلاک کرنے میں دیر نہیں لگاتے۔
اُنھوں نے کہا کہ یہ افسوس ناک امر ہے کہ بے گناہ لوگوں کو ہلاک کیا جارہا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ وہی شدت پسند گروہ ہے جو پاکستان اور افغانستان میں ہلاکتوں کے واقعات میں ملوث رہا ہے، اور ملوث ہے۔
ایک سوال کے جواب میں، ترجمان نے کہا کہ افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا ٴکے بعد، انسداد دہشت گردی کےحوالے سے ، نہ صرف افغانستان بلکہ پاکستان کے ساتھ، قریبی تعلقات جاری رہیں گے۔
بقول، جوش ارنیسٹ، ’پاکستان کے ساتھ یہ رابطے اور تعلقات پائیدار اور مستقل نوعیت کے ہیں، جو دونوں ملکوں کے بہترین مفاد میں ہیں۔ جنھیں جاری رکھا جائے گا‘۔
ترجمان نے کہا کہ ’پاکستان، امریکہ کا انتہائی قریبی اتحادی ہے، جِس کے ساتھ انتہا پسندی اور دہشت گردی سے نمٹنے کے حوالے سے پچھلے 13 برس کے دوران قریبی تعلقات جاری رہے ہیں، جنھیں مزید فروغ دیا جائے گا‘۔