آئی سی سی کے اسرائیلی اورحماس رہنماؤں کے خلاف وارنٹ گرفتاری: آگے کیا ہو سکتا ہے؟

International Court-Libya

  • آئی سی سی کے تمام 124 رکن ملک پابند ہیں کہ اگر ایسے افراد ان کی سرزمین پر قدم رکھتے ہیں جن کے خلاف آئی سی سی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہوں تو وہ انہیں گرفتار کر کے عدالت کے حوالے کریں۔
  • عدالت کے پاس ایسی گرفتاری کو نافذ العمل کرنے کا کوئی ذریعہ نہیں ہے۔
  • عدالت کے قوانین اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو یہ اجازت دیتے ہیں کہ وہ اس سلسلے میں قرارداد منظور کر کے ایک سال کے لیے تحقیقات یا استغاثہ کو روک سکے یا موخر کر سکے۔ قانون کےمطابق ایسے اقدام کی سالانہ تجدید کی جا سکتی ہے۔
  • وارنٹ کی درخواست دیگر معاملات پر براہ راست تو اثر انداز نہیں ہوگی لیکن شاید بالواسطہ ہو سکتی ہے۔

ویب ڈیسک __بین الاقوامی فوجداری عدالت (آئی سی سی) کے ججوں نے جمعرات کو اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو، ان کے سابق دفاعی سربراہ گیلنٹ اور حماس کے عسکری رہنما محمد ضیف کے مبینہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزام میں گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے ہیں۔

جمعرات کو اپنی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے بیان میں آئی سی سی کا کہنا تھا کہ وارنٹ میں نیتن یاہو اور یواو گیلنٹ پر بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کے جنگی جرم اور غیر انسانی اقدامات، جبر، قتل سمیت انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

اس میں آٹھ اکتوبر 2023 سے لے کر 20 مئی 2024 کو وارنٹ کی درخواست موصول ہونے تک کے اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔

عدالت نے حماس کے عسکری سربراہ محمد ضیف کی گرفتاری کا وارنٹ بھی جاری کیا ہے جس میں انسانیت کے خلاف جرائم بشمول قتل، یرغمال بنانے اور جنسی تشدد کے الزامات شامل ہیں۔

یہ الزامات سات اکتوبر 2023 کو حماس کے اسرائیل پر حملے سے متعلق ہیں جس میں 46 امریکی شہریوں سمیت اسرائیل کے 1200 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ حماس نے 250 اسرائیلیوں کو یرغمال بھی بنا لیا تھا۔

یہ اقدام 20 مئی کو آئی سی سی کے پراسیکیوٹر کریم خان کے اس اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ وہ حماس کے اسرائیل پر 7 اکتوبر کے حملوں اور غزہ میں اسرائیلی فوجی ردعمل سے منسلک مبینہ جرائم کے لیے گرفتاری کے وارنٹ طلب کریں گے۔

اس معاملے پر آگے کیا ہو سکتا ہے؟ اور آئی سی سی پراسیکیوٹر کے اقدام سے سفارتی تعلقات اور غزہ پر مرکوز دیگر عدالتی مقدمات کیسے متاثر ہو سکتے ہیں؟ آئیے ان پہلوؤں پر پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

کیا نیتن یاہو اور حماس کے رہنما کو گرفتار کیا جائے گا؟

آئی سی سی کے تمام 124 رکن ممالک عدالت کے بانی قانون کے تحت پابند ہیں کہ اگر ایسے افراد ان کی سرزمین پر قدم رکھتے ہیں جن کے خلاف آئی سی سی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے ہوں تو وہ ملک ایسے کسی بھی فرد کو گرفتار کر کے عدالت کے حوالے کریں۔

تاہم، عدالت کے پاس ایسی گرفتاری کو نافذ کرنے کا کوئی ذریعہ نہیں ہے۔ عدالت کے پاس کوئی پولیس فورس نہیں ہے۔ اس لیے مشتبہ افراد کی گرفتاری رکن ریاست یا کوآپریٹو یعنی تعاون کرنے والی ریاست کے ذریعے عمل میں آنی چاہیے۔

وارنٹ کے باوجود کسی کو گرفتار نہ کرنے پر پابندیاں کلائی پر ہلکے سے سفارتی تھپڑ سے زیادہ نہیں ہیں، جیسے کہ رکن ممالک پر مشتمل آئی سی سی کی گورننگ باڈی اور بالآخر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو کسی عمل درآمد نہ کرنے والے ملک کا حوالہ دینا ہے۔

SEE ALSO: انٹرنیشنل کرمنل کورٹ نے نیتن یاہو اور سابق وزیرِ دفاع کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے

اسرائیل رکن نہ ہونے کے باوجودعدالت کے دائرہ اختیار میں کیوں ہےِ؟

آئی سی سی کے ارکان میں یورپی یونین کے تمام ملک، برطانیہ، کینیڈا، جاپان، برازیل اور آسٹریلیا شامل ہیں۔ مشرق وسطیٰ کے علاقے میں، فلسطینی علاقے اور اردن آئی سی سی کے رکن ہیں۔ اسرائیل اور امریکہ اس عدالت کی رکن ریاستیں نہیں ہیں۔

عدالت اسرائیلی حکام پر اپنے دائرہ اختیار کی بنیاد اس بات پر رکھی ہے کہ فلسطینی علاقوں کو 2015 میں آئی سی سی کی ایک رکن ریاست کے طور پر تسلیم کیا گیا تھا۔

عدالت کو یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ رکن ممالک کے شہریوں کے خلاف مبینہ مظالم کے جرائم اور رکن ملک کی سرزمین پر کسی بھی قومیت سے تعلق رکھنے والے کسی اور شخص کی طرف سے کیے گئے جرائم کے الزامات پر مقدمہ چلا سکتی ہے۔

کیا آئی سی سی کی تحقیقات یا وارنٹ کو روکا جا سکتا ہے؟

عدالت کے قوانین اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو یہ اجازت دیتے ہیں کہ وہ اس سلسلے میں قرارداد منظور کر کے ایک سال کے لیے تحقیقات یا استغاثہ کو روک سکے یا موخر کر سکے۔ قانون کےمطابق ایسے اقدام کی سالانہ تجدید کی جا سکتی ہے۔

وارنٹ جاری ہونے کے بعد اس میں ملوث ملک یا گرفتاری کے وارنٹ میں نامزد شخص بھی عدالت کے دائرہ اختیار یا مقدمے کے قابل قبول ہونے کو چیلنج کر سکتا ہے۔

آئی سی سی میں کسی کیس کو ناقابل قبول اس صورت میں سمجھا جا سکتا ہے جب اس کی پہلے سے ہی کسی ایسی ریاست کی طرف سے تفتیش کی جا رہی ہو یا مقدمہ چلایا جا رہا ہو جس کا مبینہ جرائم پر دائرہ اختیار ہو۔

SEE ALSO: آئی سی سی کے وکیل کو جنسی ہراسانی کے الزام کا سامنا

تاہم، ماضی میں عدالت نے یہ بات واضح کر رکھی ہے کہ یہ استثنیٰ صرف اس وقت نافذ ہو سکتا ہے جب کوئی ریاست ان ہی لوگوں کے خلاف ایک جیسے مبینہ جرائم کی تفتیش کر رہی ہو یا مقدمہ چلا رہی ہو۔

اگر عدالت کے سامنے تفتیش میں تاخیر کی درخواست آئے تو استغاثہ کیس کو روک دے گا۔ استغاثہ اس بات کا جائزہ لے گا کہ آیا وہ ریاست جس نے التوا کی درخواست کی ہے، اس کیس کی در حقیقت تحقیقات کر رہی ہے۔

اگراستغاثہ سمجھتا ہے کہ قومی تحقیقات ناکافی ہیں تو وہ ججوں سے تفتیش کو دوبارہ کھولنے کی درخواست کر سکتا ہے۔

کیا نیتن یاہو اور دیگر ملزمان گرفتاری وارنٹ کے بعد سفر کر سکتے ہیں؟

وارنٹ جاری ہونے کے بعد بھی ملزمان سفر کر سکتے ہیں۔ آئی سی سی کی جنب سے گرفتاری کا وارنٹ جاری ہونے کا مطلب کسی باضابطہ سفری پابندی کا نفاذ نہیں ہے۔

تاہم، ملزمان اگر آئی سی سی کی رکن ریاست کی سرزمین پر سفر کرتے ہیں تو انہیں گرفتاری کا خطرہ ہو سکتا ہے۔ ایسا کرنا فردِ جرم کے فیصلہ سازی کو متاثر کر سکتا ہے۔

سیاسی رہنماؤں، قانون سازوں یا سفارت کاروں پر ایسے افراد سے ملنے پر کوئی پابندی نہیں ہے جن کے خلاف آئی سی سی کی گرفتاری کے وارنٹ جاری ہوئے ہوں۔ سیاسی طور پر، تاہم، اس طرح کرنے س ان کے بارے میں عوامی تاثرات خراب ہو سکتے ہیں۔

کیا وارنٹ گرفتاری کی یہ درخواست دیگر معاملات پر اثر انداز ہوگی؟

وارنٹ کی درخواست دیگر معاملات پر براہ راست تو اثر انداز نہیں ہوگی لیکن شاید بالواسطہ ہو سکتی ہے۔

مثال کے طور پر آئی سی سی کی درخواست ان عدالتی کیسز سے ہٹ کر ایک الگ معاملہ ہے جن میں اسرائیل کے خلاف ہتھیاروں کی پابندی کا مطالبہ کیا گیا ہو یا جنوبی افریقہ کی جانب سے اقوام متحدہ کی اعلیٰ ترین عدالت، یعنی کہ بین الاقوامی عدالت انصاف میں وہ مقدمہ جس میں اسرائیل پر غزہ میں "نسل کشی" کے کنونشن کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا ہے۔

SEE ALSO: اسرائیلی اور حماس رہنماؤں کی گرفتاری کی سفارش کرنے والے ماہرین کےپینل میں شامل ’امل کلونی‘ کون ہیں؟

تاہم، آئی سی سی کے ججوں کا یہ فیصلہ کہ نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوو گیلنٹ غزہ میں جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے ارتکاب پر یقین کرنے کی معقول بنیادیں موجود ہیں، جنوبی افریقہ کے آئی سی جے کیس کو تقویت دے سکتا ہے کیونکہ یہ عدالت دیگر عدالتوں کے فیصلوں کو بھی دیکھتی ہے۔

وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ ان قانونی چیلنجوں کو بھی تقویت دے سکتا ہے جن میں کسی اور جگہ ہتھیاروں کی پابندی کا مطالبہ کیا گیا ہو۔ ایسا اس لیے ممکن ہوگا کیونکہ متعدد ریاستوں کے پاس ان دوسری ریاستوں کو ہتھیار فروخت کرنے کے خلاف دفعات موجود ہیں جو بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان ہتھیاروں کو استعمال کریں۔

(اس رپورٹ میں شامل معلومات رائٹرز سے لی گئی ہیں)