|
ویب ڈیسک--بہت سے کیفیز اور ریستورانوں میں اب ماچا سے بنی ڈرنکس بھی مینیو میں نظر آتی ہیں جب کہ سوشل میڈیا پر بھی ماچا لاٹے اور ماچا سے تیار کی جانے والی مختلف ڈرنکس کی ریسیپیز عام ہیں۔
ماچا عام طور پر چین اور جاپان میں پایا جاتا ہے جب کہ اس میں عام گرین ٹی کے مقابلے میں قدرتی مٹھاس بھی موجود ہوتی ہے۔
ہرے رنگ کا یہ پاؤڈر چائے، گاڑھے مشروبات (اسمودی) اور دیگر چیزوں میں استعمال کیا جاتا ہے اور یہ عام طور پر پاؤڈر یا ٹی بیگز کی صورت میں دستیاب ہوتا ہے۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ماچا کے استعمال سے کیا کیا فائدے ہو سکتے ہیں۔
ہارورڈ میڈیکل اسکول کے مطابق ماچا گرین ٹی یعنی سبز چائے کی ایک قسم ہے جس میں اینٹی آکسی ڈینٹس اور اینٹی انفلامیٹری خصوصیات پائی جاتی ہیں۔
ہارورڈ میڈیکل اسکول کے مطابق یورپیئن جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہونے والے ایک مطالعے میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ گرین ٹی میں موجود اینٹی آکسی ڈینٹس جسے 'کیٹی کنز' کہا جاتا ہے، بلڈ پریشر میں کمی اور جسم میں موجود برے کولیسٹرول کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔
مطالعے کے مطابق ماچا میں موجود کیمیکل 'روٹن' بھی بلڈ پریشر اور برے کولیسٹرول کو کم کرنے میں مددگار ہوتا ہے۔
اس کے علاوہ ماچا میں موجود 'پولی فینولز' میں اینٹی انفلامیٹری خصوصیات پائی جاتی ہیں۔
اینٹی انفلامیٹری خصوصیات جسم میں سوجن، جلن اور تکلیف کو کم کرنے میں مدد کرتی ہیں۔
یاد رہے کہ غذا میں اینٹی آکسی ڈینٹس اور پولی فینولز انسولین خون میں شوگر کی مقدار کو معتدل رکھنے میں بھی مدد دیتے ہیں۔
تاہم ماچا کے دیگر فوائد سے متعلق مزید تحقیقات کی ضرورت ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ اینٹی آکسی ڈینٹس گرم درجۂ حرارت برداشت کرنے میں حساس ہوتے ہیں۔ اور ماچا کو عام طور پر چائے یا بیک کی جانے والی چیزوں کے ساتھ استعمال کیا جاتا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ اس میں موجود اینٹی آکسیڈینٹ کی خصوصیات متاثر ہو سکتی ہیں۔
ماچا کو استعمال کرنے کا بہترین طریقہ
ہارورڈ میڈیکل اسکول کی تجاویز کے مطابق ماچا کو سلاد اور اسمودی میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
اس کے علاوہ اوٹ میل، دہی یا سیریل میں بھی ماچا کو شامل کر کے کھایا جا سکتا ہے۔
ماچا کو گرم پانی میں حل کر کے اسے دودھ یا چائے کے طور پر بھی لیا جا سکتا ہے۔