پاکستان اور بھارت سمیت دنیا کے کئی ملکوں میں واٹس ایپ سروسز تقریباً دو گھنٹے تک ڈاؤن رہنے کے بعد اب بحال ہونا شروع ہو گئی ہیں۔ اس سے قبل سروسز متاثر ہونے سے صارفین کو پیغامات ارسال کرنے اور موصول ہونے میں دقت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
پاکستانی وقت کے مطابق لگ بھگ 12 بجے واٹس ایپ کی سروسز معطل ہونا شروع ہوئی تھی۔ واٹس ایپ ڈاؤن ہونے پر صارفین نے ٹوئٹر کا رخ کیا جہاں واٹس ایپ کی بندش کا ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔
فیس بک کی مالک کمپنی 'میٹا' کی میسجنگ سروس 'واٹس ایپ' کی سروس میں خلل کی وجہ اب تک سامنے نہیں آ سکی ہے۔
اس سے قبل واٹس ایپ کی سروس میں تعطل پر 'میٹا' کے ترجمان نے ٹیک کرنچ نامی ویب سائٹ کو بتایا ہے کہ وہ صارفین کو واٹس ایپ کے ذریعے پیغام رسانی میں درپیش مشکلات سے آگاہ ہیں اور واٹس ایپ کی جلد بحالی کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ڈاؤن ہونے کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈییٹیکٹر کے مطابق بھارت میں لگ بھگ گیارہ ہزار صارفین نے مطلع کیا کہ ان کے پاس واٹس ایپ نہیں چل رہا۔
واٹس ایپ کی بندش پر صارفین کو پیغام رسانی میں جہاں مشکلات کا سامنا ہے وہیں وہ ٹوئٹر پر مختلف میمز بھی شیئر کر رہے ہیں۔
دانش جنجوعہ نامی ٹوئٹر صارف نے ایک تصویر شیئر کی جس میں بہت سے لوگوں کو دوڑتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ واٹس ایپ ڈاؤن ہونے پر سب ٹوئٹر کا رخ یوں کر رہے ہیں۔
ڈیجیٹل میڈیا ایجنسی 'سوشل میڈیا گرڈ' کے سی ای او جیمن شاہ کا کہنا ہے کہ میٹا کی ٹیم سے امید ہے کہ جلد اس مسئلے کو حل کر لے گی البتہ اب تک اس حوالے سے کچھ آگاہ نہیں کیا گیا۔
شبھنکر مشرا نامی صارف نے کہا کہ بھارت میں بھی واٹس ایپ ڈاؤن ہے اور صارفین میسج ارسال کرنے سے محروم ہیں۔
پاکستانی صحافی خواجہ برہان الدین نے تبصرہ کیا کہ واٹس ایپ کو سرور سےمنسلک ہونے میں مسائل کا سامنا ہے۔
ایوناش کمار سنگھ نے ایک تصویر ٹویٹ کی جس میں ایک شخص تاروں میں گھرا ہوا ہے اور کچھ مرمت کرتا ہوا دکھائی دے رہا ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے تبصرہ کیا کہ اس وقت یہ صورتِ حال ہے۔
پاکستانی گلوکار فخرِ عالم نے واٹس ایپ سے سوال کیا کہ ہیلو ہیلو واٹس ایپ کیا ہو رہا ہے؟ اور واٹس ایپ کیوں ڈاؤن ہے؟
نکھیل نامی صارف نے بھارتی فلم کی ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اداکار انتہائی پریشانی کے عالم ادھر ادھر دیکھ رہے ہیں۔ اس کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ہم سب جو واٹس ایپ سے منسلک ہونے کی کوشش کر رہے ہیں اس وقت ان کی صورتِ حال کیا ہے۔
واضح رہے کہ واٹس ایپ امریکی کمپنی 'میٹا' کی ایک سروس ہے جو دنیا بھر میں مفت سروس فراہم کر رہی ہے۔ بعض اوقات سروس میں خرابی کے باعث صارفین کو اس کے استعمال میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔