پاکستانی اداکارہ صبا قمر کے بارے میں مقامی میڈیا میں ان دنوں یہ خبریں گردش میں ہیں کہ وہ اپنی پہلی بالی ووڈ فلم ’ہندی میڈیم‘ کی پروموشن کے لئے بھارت جانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔
’ہندی میڈیم‘ 12مئی کو ریلیز ہونے والی ہے۔ فلم میں ان کے ہیرو کا کردار عرفان خان نے ادا کیا ہے۔ فلم کی کہانی ایک ایسے جوڑے کے گرد گھومتی ہے جو دہلی میں رہتا ہے اور اپنی بیٹی کے مستقبل کے لئے ’ماڈرن‘ بننے کی جدوجہد میں مصروف ہے۔
وائس آف امریکہ کے نمائندے نے صبا قمر سے بھارت جانے یا نہ جانے سےمتعلق معلومات کے لئے رابطے کی کوششیں کیں، لیکن کامیابی نہ ہوسکی۔
صبا قمر کے بارے میں مقامی میڈیا ’پیشگوئی‘ کر رہا ہے کہ وہ بھارت جا کر فلم کی پروموشن کرنا چاہتی ہیں اور انہیں اس بات کی قطعی پرواہ نہیں کہ لوگ کیا کہتے ہیں۔ ان کے نزدیک معاملہ صرف ویزا کا ہے۔ ویزا لگ گیا تو وہ بھارت جا کر ’ہندی میڈیم‘ کی پروموشن کریں گی۔
دونوں ممالک کے فنکار کشیدہ تعلقات اور بعض دینی و سیاسی تنظیموں کےسخت گیر موقف کے سبب از خود ایک دوسرے کے ممالک کا دورہ کرنے سے اجتناب برت رہے ہیں۔
امریکی ویب سائٹ ’یاہو‘ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ '’پاکستانی فنکاروں کی جانب سے بھارتی دوروں کا سلسلہ ازخود اکتوبر 2016 سے رکا ہوا ہے۔ اکتوبر میں پاکستانی ایکٹر فواد خان کو ان کی فلم ’ اے دل ہے مشکل‘ کی پروموشن کے لئے بھارت جانے نہیں دیا گیا تھا۔ ڈائریکٹر کرن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں فواد خان نے مرکزی کردار اداکیا تھا۔'‘
اس کے تین ماہ بعد راہول ڈھولکیا کی فلم جس میں شاہ رخ خان ہیرو اور پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان ہیروئن تھیں، اس کی ریلیز کے وقت بھی ماہرہ خان کو سرحد عبور کرنے کی اجازت نہیں ملی تھی۔
فلم کے ہیرو عرفان خان نے ’ریڈرز ڈائجسٹ‘ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ جس وقت ہم لوگوں نے فلم میں کام کا آغاز کیا تھا بالی ووڈ میں پاکستانی فنکاروں کے کام کرنے پر کوئی روک ٹوک نہیں تھی۔ فلم کی تیاری کے دوران ایسے واقعات پیش آئے کہ جس سے موجودہ صورتحال پیدا ہوئی۔‘‘
ان کا کہنا تھا کہ انہیں ابھی تک بھی یہ معلوم نہیں کہ آیا بھارتی حکومت پاکستانی فنکاروں کے فلموں میں کام کرنے یا نہ کرنے سے متعلق کوئی اسٹینڈ لے سکے گی یا نہیں۔
’انگریزی روزنامے ’ایکسپریس ٹریبون‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق صبا قمر کے ساتھ ساتھ ہی ایک اور پاکستانی ایکٹریس سجل علی کی بالی ووڈ ایکٹریس سری دیوی کے ساتھ فلم ’مام‘ ریلیز کے لئے تیار ہے۔
فلم میں سجل علی نے سری دیوی کی بیٹی کا کردار ادا کیا ہے۔ انتظار یہ ہے کہ اگر صبا قمر معمول کی طرح بھارت جانے میں کامیاب ہو جاتی ہیں تو پھر ’مام‘ کے پروڈیوسر بونی کپور بھی یہ کوشش ضرور کریں گے کہ سجل علی بھی بھارت پہنچیں اور فلم کی پروموشن کا حصہ بنیں۔