کراچی ۔۔۔ بالی وڈ میں پاکستانی اداکاروں کو ملنے والی مقبولیت کے بعد بہت سے پاکستانی فنکار بھارتی فلم انڈسٹری کا رخ کر رہے ہیں اور ان میں تازہ ترین اضافہ ٹی وی کی منجھی ہوئی اداکارہ صبا قمر ہیں۔
’منٹو‘ سے فلم نگری میں قدم رکھنے والی صبا قمر مشہور پاکستانی گلوکارہ نور جہاں کا کردار عمدگی سے ادا کرکے ناقدین اور شائقین فلم سے داد سمیٹ چکی ہیں۔
اخبار ’ڈان‘ سے گفتگو میں صبا قمر نے بالی وڈ فلم میں کام کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ بالی وڈ میں اپنی پہلی فلم میں ’لنچ باکس‘، ’پیکو‘ اور دیگر ہٹ فلموں کے مرکزی کردار عرفان خان کے ساتھ دکھائی دیں گی۔
فلم کی کہانی ایک جوڑے کی روزمرہ زندگی اور مسائل کے گرد گھومتی ہے جس میں بیوی کا مزاج کچھ حاکمانہ ہے۔
صبا کا یہ بھی کہنا تھا کہ فلم کچھ کچھ عرفان خان اور دیپکا پڈکون کی فلم ’پیکو‘ سے ملتی جلتی ہے۔ فلم جولائی میں ریلیز ہوگی۔
نئی فلم کے ڈائریکٹر ساکیت چوہدری ہیں جو اس سے قبل فلم ’شادی کے سائیڈ افیکٹس‘ اور ’پیار کے سائیڈ افیکٹس‘ بھی ڈائریکٹ کرچکے ہیں۔
صبا قمر آج کل وجاہت رؤف کی فلم لاہور سے آگے کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جو ہٹ فلم ’لاہور سے کراچی‘ کا سیکوئل ہے۔