خواتین کے کرکٹ ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان

دسواں عالمی میلہ اکتیس جنوری سے سترہ فروری 2013ء تک بھارت کے شہر ممبئی میں سجے گا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے آئندہ سال بھارت میں کھیلے جانے والے خواتین کرکٹ کے عالمی مقابلے کے شیڈول اور فارمیٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ وومین کرکٹ ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی آٹھ ٹیموں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں میزبان بھارت کے علاوہ انگلینڈ، ویسٹ انڈیز اور سری لنکا جبکہ گروپ بی میں پاکستان، آسٹریلیا، جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ شامل ہیں۔


بھارت کے پانچ مختلف میدانوں میں وومین کرکٹ ورلڈ کپ کے پچیس مقابلے ہوں گے۔

آئی سی سی کے بیان کے مطابق افتتاحی روز دو میچ کھیلے جائیں گے جس میں پاکستان، آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا جبکہ میزبان بھارت ویسٹ انڈیز کے مدمقابل ہو گا۔

ابتدائی مقابلوں کے بعد سپر سکسز کا مرحلہ نو فروری سے شروع ہو گا اور سپر سکس مرحلے کے ہر میچ کے لیے متبادل دن رکھا گیا ہے۔ سپر سکسز مرحلہ کھیلنے والی ٹیموں میں سے دو بہترین ٹیمیں سترہ فروری کو فائنل کھیلیں گی۔

بھارت تیسری مرتبہ خواتین کے عالمی کرکٹ مقابلوں کی میزبانی کر رہا ہے۔ پہلا وومین کرکٹ ورلڈ کپ 1973ء میں انگلینڈ میں کھیلا گیا تھا جس میں میزبان ٹیم کو کامیابی حاصل ہوئی تھی۔

آسٹریلیا کی ووم
ین کرکٹ ٹیم سب سے زیادہ پانچ مرتبہ عالمی کپ جیت چکی ہے جبکہ تین مرتبہ یہ اعزاز انگلینڈ کو حاصل ہو چکا ہے۔ پاکستان کی وومین کرکٹ ٹیم کسی بھی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل نہیں کر سکی۔