شمالی سوڈان میں کان کنی سے متعلق عہدے داروں نے جمعہ کو بتایا کہ سونے کی ایک کان منہدم ہونے سے کم از کم 14 مزدور ہلاک ہو گئے ہیں۔سوڈانی معدنی وسائل کی کمپنی نے ایک مختصر بیان میں کہا کہ یہ ہلاکت خیز واقعہ مصر کی سرحد کے قریب جبل الاحمر نامی سونے کی کان کے گرد واقع پہاڑیوں میں سے ایک میں جمعرات کومنہدم ہوجانے کےبعد پیش آیا -
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حادثے میں تقریباً 20 دیگرکان کن زخمی ہوئے ہیں جنہیں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔
سوڈان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس یو این اے کی جمعرات کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے عینی شاہدین نے بتایا کہ کان کن بھاری مشینری کا استعمال کرتے ہوئے کنوؤں کے اندر سونے کی تلاش کر رہے تھے جس کی وجہ سےکان منہدم ہو گئی۔
SEE ALSO: جنوبی سوڈان میں خوراک کا شدید بحران، عالمی ادارے کے پاس فنڈز دستیاب نہیںسیکیورٹی کےذرائع نے بتایاہے کہ خیال کیا جاتا ہے کہ مزدور کان کے زیر زمین پانی کے نیچے پھنسے ہوئے تھے۔ یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ آیا امدادی ٹیمیں اب بھی زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کر رہی ہیں۔
علاقے میں سوڈانی معدنی وسائل کی کمپنی کے ترجمان نے ایسوسی ایٹڈ پریس کی تبصرہ کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
ریاستی کمپنی نے کہا ہےکہ مرنے والوں کو قریبی قصبے وادی حلفہ میں منتقل کر دیا گیا تھا جس کے بعد ان کی تدفین کر دی گئی ہے۔
SEE ALSO: دارفر میں قبائل کی لڑائیوں میں 159 افراد ہلاک، 200 سے زیادہ زخمیسوڈان میں بڑی مقدار میں سونا نکالا جاتا ہے ، جس کی کانیں ملک بھر میں بکھری ہوئی ہیں۔حفاظتی معیارات کی کمی اور ناقص دیکھ بھال کی وجہ سے کانیں منہدم ہونے کے واقعات عام ہیں۔
2021 میں، مغربی صوبے کورڈوفن میں سونے کی ایک ناکارہ کان منہدم ہونے سے 31 افراد ہلاک ہو گئےتھے۔
یہ رپورٹ ایسو سی ایٹڈ پریس کی معلومات پر مبنی ہے۔