بھارت میں ایک شاہراہ پر پل کی تعمیر کے دوران کرین گرنے سے 17 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
نیشنل ڈیزاسٹر ریسپانس فورس(این ڈی آر ایف) نے منگل کو بتایا کہ ریاست مہاراشٹرا کے ضلع تھانے میں سمردھی ایکسپریس وے پر زیرِ تعمیر پل پر ایک مقام پر بڑی کرین گر گئی ہے۔
این ڈی آر ایف کے مطابق کرین گرنے سے کم از کم 17 مزدور ہلاک جب کہ تین زخمی ہوئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ’ایسو سی ایٹڈ پریس‘ کے مطابق کرین گرنے کے فوری بعد امدادی سرگرمیاں شروع کر دی گئی تھیں ۔
امدادی کارکن تھانے کے ایک گاؤں میں حادثے کے مقام کے قریب زندہ بچ جانے والوں کو تلاش کر رہے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے کم از کم تین افراد کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
بھارتی خبر رساں ادارے ’پریس ٹرسٹ آف انڈیا‘ کے مطابق کرین کا استعمال ہائی وے اور تیز رفتار ریل سروس کےلیے پل کی تعمیر کے دوران پری کاسٹ باکس گرڈرز لگانے کے لیے کیا جا رہا تھا۔
ریسکیو کے کاموں میں پولیس اور فائربریگیڈ کے اہل کار بھی امدادی اداروں کی معاونت کر رہے ہیں۔
حکام نے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ اموات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
خیال رہے سمردھی ایکسپریس وے سات سو کلو میٹر طویل شاہراہ ہے جو کہ ممبئی کو ناگ پور سے جوڑ رہی ہے۔
یہ ایکسپریس وے ریاست مہاراشٹرا کے 10 اضلاع سے گزر رہی ہے۔
بھارت کے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پیغام میں حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ میں ہلاک ہونے والے افراد کے خاندانوں سے دلی تعزیت کرتا ہوں۔ ہمارے نیک خواہشات اور دعائیں زخمیوں کے ساتھ ہیں۔‘‘
حکومت نے ہلاک ہونے والے مزدوروں کے لواحقین کو دولاکھ روپے جب کہ زخمیوں کو پچاس ہزار روپے امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔
یہ حادثہ زیرِ تعمیر سمردھی ایکسپریس وے کی تعمیر کے تیسرے مرحلے میں پیش آیا ہے۔ اس کے 520 کلو میٹر کےپہلے حصے کا افتتاح گزشتہ برس دسمبر میں وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کیا تھا۔
اس رپورٹ میں خبر رساں ادارے ’ایسوسی ایٹڈ پریس‘ سے کچھ مواد استعمال کیا گیا ہے۔