اشیائے خوردنی کی قیمتوں میں کمی

اشیائے خوردنی کی قیمتوں میں کمی

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں اشیائے خوردنی کی قیمتوں میں گزشتہ ماہ نمایاں کمی واقع ہوئی لیکن پچھلے سال کی نسبت یہ پھر بھی زیادہ رہیں۔

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) نے جمعرات کو جاری کردہ خوراک کی ماہانہ قیمتوں سے متعلق اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اگست کی نسبت ستمبر میں قیمتوں میں دو فیصد کمی دیکھنے میں آئی اور چینی، اناج اور تیل کی قیمتوں میں نمایاں فرق آیا۔

ایف اے او کے مطابق اس کی بڑی وجوہات میں اشیا کی فراہمی میں اضافے اور بہتر فصل کے علاوہ کمزور عالمی اقتصادی صورتحال اور امریکی ڈالر کی قدر میں استحکام شامل ہیں۔

عالمی ادارے نے متنبہ کیا کہ دنیا کے بعض خطوں خصوصاً مشرقی افریقہ کے ممالک کو غذائی قلت کا بدستور سامنا ہے۔

اس کے مطابق 32 ممالک کو بیرونی غذائی امداد کی ضرورت ہے جن میں افریقہ کے علاوہ متعدد ایشیائی ممالک جن میں افغانستان اور پاکستان بھی شامل ہیں۔