یمن کے دارالحکومت صنعا میں صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار فوج اور حزب مخالف کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔
محکمہ صحت کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ پیر کو یہ ہلاکتیں شہر کے چینج اسکوائر میں ہوئیں جو کہ حکومت مخالف مظاہروں کا مرکز بنا ہوا ہے۔ دارالحکومت کے دیگر علاقوں میں کم ازکم چھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
اس واقعے سے ایک روز قبل وفادار فورسز نے دارالحکومت میں مظاہرین پر فائرنگ کی تھی اور کارکنوں کا کہنا تھا کہ صدر سے استعفے کا مطالبہ کرنے والے ان مظاہروں میں ہزاروں افراد شریک تھے۔
اتوار کو عمارتوں کی چھتوں پر موجود نشانہ بازوں نے اطلاعات کے مطابق چار افراد کو گولی مار کر ہلاک کردیا تھا جبکہ جنوبی شہر تائز میں سکیورٹی فورسز نے ایک شخص کو ہلاک کردیا تھا۔