یمن میں سینکڑوں مظاہرین نے صدر علی عبداللہ صالح کے اقتدار کے خاتمہ کا مطالبہ کیاجو کئی عشروں سے ملک پر حکومت کررہے ہیں۔
ہفتے کے روز سینکڑوں طالب علم اور دوسرے مظاہرین نے صنعا یونیورسٹی کے اندر اکھٹے ہوکر حکومت مخالف نعرے لگائے۔
مظاہرین بظاہر تیونس میں احتجاجی مظاہروں کی حالیہ لہر سے متاثر دکھائی دے رہے تھے جس کے نتیجے میں اس مہینے کے شروع میں برطرف صدر زین العابدین بن علی کو ملک سے فرار پر مجبور ہونا پڑاتھا۔
فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یمنی طالب علم ایک بینر اٹھائے ہوئے تھے جس پر تحریر تھا کہ ‘ انقلاب ِیاسمین سے سیکھو‘۔ جو تیونس کے حالیہ مظاہروں کی جانب اشارہ تھا۔
خبررساں ادارے کا کہناہے کہ ہفتے ہی کے روز کئی اور لوگوں نے صدر کے حق میں جلوس نکالے۔