پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔ ہاں اگر کسی چیز کی کمی ہے تو وہ نوجوان آرٹسٹوں کی صلاحیتوں کو دنیا کے سامنے لانے کے لئے مواقعوں کی ہے۔۔۔ لیکن، اب نوجوان ٹیلنٹ کو ایک ایسا پلیٹ فارم میسر آگیا ہے جس کے ذریعے وہ کھل کر اپنے جوہر پیش کر سکیں گے۔
’ڈاٹ ری پبلک کمپنی‘ نے نوجوان آرٹسٹوں کو موقع فراہم کیا ہے اپنے آپ کو منوانے کا۔ ڈاٹ ری پبلک کمپنی کے اسٹوڈیو کے دروازے ہر اس نوجوان آرٹسٹ کے لئے کھلے ہیں جو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنا، سنوارنا اور دنیا کے سامنے پیش کرنا چاہتا ہے۔
اب کوئی بھی شخص اسٹوڈیو کی ویب سائٹ پر جا کر آڈیشن دے سکتا ہے۔ آڈیشن میں کامیاب ہونے والے آرٹسٹ کو اسٹوڈیو کی جانب سے ایکوئپمنٹ، ریکارڈنگ اور پروڈیوسر کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، تاکہ ابھرتے ہوئے گلوکاروں کے کیرئیر کو آگے بڑھایا جا سکے۔
اسٹوڈیو کے ایگزیکٹو پروڈیوسر عدنان بٹ نے وائس آف امریکہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایک دور تھا کہ میوزک کی دنیا میں پاکستانی بینڈز کا راج تھا۔ لیکن، بہت سی سہولیات نہ ہونے کے سبب نئے بینڈز آنا کم سے کم تر ہوتے چلے گئے حالانکہ پاکستانی میوزک میں دنیا کو دینے کے لئے بہت کچھ ہے۔ ہر گلوکار یا گلوکارہ کی اپنی طاقت ہوتی ہے، ہمارا مقصد اسے پالش کرکے پیش کرنا ہے۔‘
عدنان بٹ وال نٹ سیشنز پیش کرچکے ہیں جس میں پاکستان بھر کے آرٹسٹوں نے فوک، جاز، کلاسیکل اور راک میں گانے پیش کئے تھے۔