ویڈیو اسٹریمنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے منگل کو اپنے مختصر ویڈیو فیچر 'شارٹس' پر مقبول ویڈیوز بنانے والے صارفین کے لیے 10 کروڑ ڈالرز کے کرئیٹر فنڈ کا اعلان کیا ہے۔
یوٹیوب کی جانب سے کرئیٹر فنڈ کا اعلان کرنے کا مقصد صارفین کی توجہ مبذول کرانا ہے۔
معروف ویڈیو اسٹریمنگ سائٹ یوٹیوب کا کہنا ہے کہ کرئیٹر فنڈ کا آغاز آئندہ مہینوں میں ہو گا جب کہ پلیٹ فارم رواں برس اور 2022 میں مقبول مختصر ویڈیوز بنانے والے صارفین کو رقم کی ادائیگی کرے گا۔
یوٹیوب کا فیچر 'شارٹس' کیا ہے؟
یوٹیوب کا فیچر شارٹس مقبول لپ سنکنگ ایپ ٹک ٹاک ہی کی طرح ہے جہاں صارفین 60 سیکنڈز کے دورانیے کی مختصر ویڈیو بنا سکتے ہیں۔
Your browser doesn’t support HTML5
صارفین شارٹس کے ذریعے بنائی جانے والی ویڈیوز میں اپنی من پسند آڈیو اور ٹیکسٹ بھی لگا سکتے ہیں جب کہ وہ ویڈیو کی اسپیڈ (رفتار) کم زیادہ بھی کر سکتے ہیں۔
یوٹیوب کی جانب سے اپنے مختصر فیچر کے لیے 10 کروڑ ڈالرز کے کرئیٹر فنڈ کا اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب سوشل میڈیا پلیٹ فارم نوجوان کونٹینٹ کریئٹرز (مواد تخلیق کرنے والے) کی توجہ سمیٹنے کی دوڑ میں لگے ہوئے ہیں۔
سب سے پہلے مختصر ویڈیو بنانے کا ٹرینڈ ٹک ٹاک ایپ نے پیش کیا تھا جس کے بعد فیس بک کی زیرِ ملکیت ایپ انسٹاگرام نے مختصر ویڈیوز بنانے کا فیچر 'ریلز' اور اسنیپ چیٹ نے 'اسپاٹ لائٹ' فیچر متعارف کرایا۔
یوٹیوب کا کہنا ہے کہ وہ ہر مہینے اپنے اس نئے کرئیٹر فنڈ کے تحت ہزاروں ایسے کرئیٹرز جن کی ویڈیوز سب سے زیادہ مقبول ہوں گی، انہیں رقم کی ادائیگی کرے گی۔
تاہم یوٹیوب نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ ایک کانٹینٹ کرئیٹر کی ویڈیو مقبول ہونے پر انہیں کتنی رقم دے گی۔
SEE ALSO: اسپوٹی فائے کی پاکستان آمد؛ اب میوزک کا کیا سین ہوگا؟یاد رہے کہ جیسے جیسے مختصر ویڈیو کے فیچرز کی مقبولیت میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے اسی بات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کمپنیاں زیادہ سے زیادہ صارفین کی توجہ حاصل کرنے کے لیے فنڈز کا اعلان کر رہی ہیں۔
جولائی میں ٹک ٹاک ایپ نے اپنے کرئیٹرز کے لیے 'کرئیٹر فنڈ' کا اعلان کیا تھا جب کہ اسنیپ چیٹ نے بھی اپنے مختصر ویڈیو فیچر اسپاٹ لائٹ پر صارفین کی مقبول ہونے والے ویڈیوز کے لیے 10 لاکھ ڈالرز مختص کیے تھے۔
دوسری جانب یوٹیوب کا مزید کہنا ہے کہ وہ 'شارٹس' پر اشتہارات کی آزمائش کا آغاز بھی کرے گی۔