دنیا بھر کی طرح امریکہ میں بھی آج کل ہر طرف کرسمس کے رنگ جا بجا بکھرے دکھائی دیتے ہیں۔ کرسمس ٹری، تحائف کے لین دین اور کھانے پینے کی روایتی اشیاءکے بغیر کرسمس کا تہوار ادھورا سمجھا جاتا ہے۔ امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی بھی کرسمس کی تیاریوں میں کسی سے کم نہیں، جہاں امریکی کانگریس کے صدر دفتر اور وہائٹ ہاؤس میں لگائے گئے کرسمس ٹری بدلتی رت کے ساتھ ساتھ کرسمس کی نوید دے رہے ہیں۔
تہوار کے انہی رنگوں کو اجاگر کرنے کے لیے واشنگٹن کے ایک معروف ہوٹل میں بچوں کے لیے کرسمس پر تیار کی جانے والی روایتی جنجر بریڈ کوکیز کی سجاوٹ کا اہتمام کیا گیا۔ جس کا انتظام ہوٹل کے پیسٹری شیف ڈینیئل مینگوئن کے سپرد تھا، جن کا کہنا ہے کہ جنجر بریڈ کرسمس کی ثقافت کا لازمی جزو ہے۔
جنجر بریڈ کی سجاوٹ کے اس میلے میں میری لینڈ، ڈی سی اور ورجینیا کی ریاستوں سے تقریباً 70 بچوں نے حصہ لیا۔ یہ بچے اپنے والدین کے ساتھ آئے تھے اور کرسمس کے مختلف رنگوں سے لطف اندوز ہو رہے تھے۔
روایتی شیف کی طرح سفید ایپرن اور سر پر لمبی سی سفید ٹوپی پہنے اپنے کام میں منہمک یہ ننھے منے بچے کسی بھی طرح پیشہ ور باورچیوں سے مختلف نہیں دکھائی دے رہے تھے۔
مشیل مینٹ اپنے بچوں کے ساتھ واشنگٹن سے آئی تھیں۔ وہ کہتی ہیں کہ ایسے موقعے بچوں کو نہ صرف اکٹھے ہو کر تہوار منانے کی ترغیب دیتے ہیں بلکہ اس طرح وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا بہتر استعمال بھی سیکھتے ہیں۔
بچے اپنےسجائے ہوئے جنجر بریڈ ہاوئس واپسی پر اپنے ساتھ گھر لے جاتے ہیں اور بطور ڈیکوریشن استعمال کرتے ہیں۔ کرسمس کے روز انہیں دوستوں اور رشتہ داروں کے ساتھ اکٹھے ہو کر کھایا جاتا ہے۔