رسائی کے لنکس

سری دیوی اور ملیکہ شراوت نئی فلموں میں آمنے سامنے


فلموں کے جمعہ بازار میں اس مرتبہ سری دیوی اور ملیکہ شراوت آمنے سامنے ہیں۔ گوکہ سری دیوی ، ملیکہ سے سینئر ہیں لیکن ’دیوی جی ‘کئی برس بعداسکرین کا رخ کررہی ہیں لہذا ملیکہ ان کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔ ۔۔اپنی فلم ”قسمت ، لو، پیسہ ، دلی“کے ساتھ۔ ۔۔ارے ارے گھبرایئے نہیں یہ چار فلموں کے نہیں ایک فلم کانام ہے۔

ادھر سری دیوی کی فلم ”انگلش ونگلش “ کئی ہفتوں اور مہینوں سے خبرو ں میں ہے اور جگہ جگہ اسی کے چرچے ہیں ۔ ’انگلش ونگلش‘امریکہ میں مقیم ایک عورت ششی‘ کی کہانی ہے جو انگریزی زبان سے ناواقف ہے اس لئے عدم تحفظ کا شکار ہے۔

وہ انگریزی سیکھ کر نہ صرف اپنے شوہر کا دل جیتنا چاہتی ہے بلکہ انگریزی نا جاننے کے سبب جو لوگ اس کا مذاق اڑاتے ہیں وہ ان کے آگے بھی سرخرو ہوناچاہتی ہے لیکن انگریزی سیکھنے کے لئے اسے کیا کیا پاپڑ بیلنے پڑتے ہیں یہی اس فلم کا اصل تھیم ہے۔

گلیم شیم “ ڈاٹ کام پر شائع ہونے والی ایک تجزیاتی رپورٹ کے مطابق ’انگلش ونگلش‘ کی کامیابی کے امکانات بہت روشن ہیں۔ویسے بھی یہ ”ٹورنٹو فلم فیسٹول کا میلہ لوٹ چکی ہے ۔ فلم کے مصنف اور ڈائریکٹر ایک ہی ہیں یعنی گوری شیندے۔

اس ہفتے ریلیز ہونے والی دوسری فلم ”قسمت، لو، پیسہ ،دلی“ کی بات کریں تو اس کی کہانی مڈل کلاس سے تعلق رکھنے والے ایک لڑکے ’لوکیش ‘ کے گرد گھومتی ہے جو کالج کے بعد پیسے کمانے کی خاطر پارٹ ٹائم جابس ڈھونڈتا ہے اوربلاخر اسے ایک فیشن شو میں جاب مل جاتی ہے ۔

جاب کا ملنا تھا کہ اس کی قسمت ہی چمک اٹھتی ہے۔ یہیں اس کی ملاقات لوینا نام کی ایک لڑکی سے ہوتی ہے جو بعد میں محبت میں بدل جاتی ہے۔ ۔۔آگے کیا ہوا؟۔۔۔یہ دیکھنے کے لئے آپ کو ”قسمت، لو پیسہ ، دلی “دیکھنا پڑے گی۔

چلتے چلتے کچھ باتیں پچھلی بار ریلیز ہونے والی فلموں کی۔ ۔۔سب سے پہلے ذکر رنبیر کپور اور پریانکا چوپڑا کی فلم ” برفی “ کا۔ برفی نے سوکروڑ روپے کا بزنس کرنے والی فلموں کے کلب میں اپنا نام درج کرالیا ہے۔

دوسری جانب اکشے کمار اورپریش راول کی ’اوہ مائی گاڈ‘ کی شروعات کچھ اچھی نہیں ہوئی لیکن بعد کے دنوں میں فلم تقریباً 16 کروڑ روپے کماگئی۔

کمال ،دھمال، مالامال‘ بھی پچھلے ہفتے ہی ریلیز ہوئی تھی لیکن فلم ناظرین کو سنیما گھروں تک لانے میں بری طرح ناکام رہی ہے۔
XS
SM
MD
LG