رسائی کے لنکس

عید پر سخت سیکیورٹی، موبائل فون سروس جزوی معطل


وفاق وزیر داخلہ ، رحمن ملک کا کہنا ہے کہ یعض شہروں میں موبائل فون سروس صبح 6 بجے سے 10 بجے تک بند کی جائے گی۔

کراچی سمیت سندھ بھر میں ہفتے کو عیدالاضحی کے موقع پرسیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال یا ناخوش گوار حالات سے نمٹنے کے لئے شہر بھر میں 20ہزار سیکورٹی اہلکار تعینات کئے جارہے ہیں۔

انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ فیاض لغاری کے مطابق 20سیکورٹی اہلکاروں کو عیدگاہوں، مساجد اور امام بارگاہوں پر تعینات کیا گیا ہے جبکہ قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے حوالے سے پہلے ہی ایک ضابطہ اخلاق طے کرلیا گیا ہے جس پر کھالیں جمع کرنے والے رفاہی اداروں اور سیاسی تنظیموں سے سختی کے ساتھ عمل درآمد کرنے کے لئے کہا گیا ہے۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے عید الاضحی کے پہلے روز نمازعید کے اوقات میں حساس شہروں ، جن میں سندھ کے 2شہر بھی شامل ہیں ، ان کی موبائل فون سروس چار گھنٹے کیلئے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان دوشہروں میں ممکنہ طور پر کراچی کا نام بھی شامل ہوسکتا ہے۔

وفاق وزیر داخلہ ، رحمن ملک کا کہنا ہے کہ موبائل فون سروس صبح 6 بجے سے 10 بجے تک بند کی جائے گی۔ جمعہ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے بتایا کہ 13 مقامات پر دہشت گردی کی انٹیلی جنس اطلاعات ملی ہیں جس کے باعث ملک کے مختلف علاقوں میں نماز عید کے موقع پر صبح 6 بجے سے 10 بجے تک موبائل فون سروس بند رہے گی تاہم پورے ملک میں موبائل سروس معطل نہیں کی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ فوری طور پر ان شہروں کا نام نہیں بتاسکتے جہاں موبائل فون سروس بند رہے گی کیوں ایسا سیکورٹی کے باعث کیاجارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخوا شہر کے بیشتر علاقوں میں موبائل سروس معطل رہے گی، پنجاب کے 3 اور سندھ کے 2 شہروں میں موبائل سروس بند کی جائے گی جبکہ بلوچستان کے چھوٹے بڑے 20 شہروں میں بھی ان اوقات میں موبائل فون کی سہولت میسر نہیں ہوگی۔

رحمان ملک نے بتایا کہ موبائل سروس ان علاقوں یا شہروں میں معطل رہے گی جہاں دہشت گردی کے واقعات کا خدشہ ہوسکتا ہو۔
XS
SM
MD
LG