رسائی کے لنکس

کیا سونگھ کر کینسر کی تشخیص ممکن ہے؟


کینسر کی تشخیص اگر بر وقت ہوجائے تو علاج میں آسانی ہوجاتی ہے اور مرض کے قابو میں آ کر جسم میں پھیلنے کے امکانات کم ہو جاتے ہیں

انسانی جسم میں کئی قسم کے خلیے ہوتے ہیں اور ان میں سے کئی بڑھتے بھی ہیں لیکن اگر ان کا بڑھنا قابو سے باہر ہو جائے تو اسے کینسر کہا جاتا ہے۔

کینسر کی تشخیص اگر بر وقت ہوجائے تو علاج میں آسانی ہوجاتی ہے اور مرض کے قابو میں آ کر جسم میں پھیلنے کے امکانات کم ہو جاتے ہیں اور مریض کے بچنے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں اور ایسے مریضوں میں کینسر کی وجہ سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے خدشات بھی کم ہو جاتے ہیں۔

اگر کسی کو جسم کے کسی حصے کا کینسر ہو جائے تو ہو سکتا ہے کہ کسی علامت کے ظاہر ہونے پر مریض کے معالج کے پاس جائے اور پھر کسی ٹیسٹ کے نتیجے میں مرض کی تشخیص ہو جائے۔

مریض کے جسم کے متاثرہ حصے کا خوردبین سے مشاہدہ کرنے، ایکس رے ، الٹرا ساونڈ یا کینسر سے خارج ہونے والے کسی کیمیکل کے معائنہ مرض کی تشخیص کی جا سکتی ہے لیکن کیا یہ ممکن ہے کہ کسی مریض کو سونگھ کر اس میں کینسر کی تشخیص کی جا سکے۔

انٹر نیٹ پر ڈوگز ڈیٹکٹ کینسر نامی ویب سائٹ، سائنس کی خبروں کی ویب سائٹس اور ریڈرز ڈائجسٹ تک میں ایسے مضامین موجود ہیں کہ جن میں کینسر کو سونگھ کر تشخیص کرنے والے کتے، مشن اور بلیوں کا ذکر ملتا ہے۔

کینیڈا میں طبی خدمات انجام دینے والے، بچوں میں کینسر کے مرض کی ماہر پاکستانی ڈاکٹر صائمہ علوی نے وائس آف امریکہ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہو سکتا ہے کہ کہیں کسی کو ایسے کسی تجربے میں کوئی کامیابی ملی ہو لیکن ان کے خیال میں اگر کتے اور بلیوں کے سونگھنے سے کینسر کی تشخیص ہو سکتی تو اتنے بڑے بڑے اسپتالوں میں اتنی پیچیدہ مشینوں سے کیوں کینسر کی تشخیص کی جاتی۔

لیکن ریڈرز ڈائجسٹ کے مطابق برطانیہ کی وینڈی ہمفریز کا کہنا ہے کہ ان کی دس سالہ بلی ہر رات ان کی چھاتی کے دائیں حصے پر کودتی رہتی اور یہ سوچ کر کہ شاید اس میں اس وجہ سے کوئی زخم ہو گیا ہے وہ ڈاکٹر کے پاس گئیں تو پتا چلا کہ انھیں چھاتی کا کینسر ہے اور بر وقت تشخیص سے ان کا مناسب علاج ممکن ہو سکا اور ان کی جان بچ گئی۔

شاید سونگھ کر کینسر کے مرض کی تشخیص صرف دل کے خوش رکھنے کو خیال اچھا ہے، والا معاملہ ہو لیکن کینسر جیسے مہلک مرض میں مبتلا مریضوں کے لیے یہ امید بہار رکھ والا معاملہ بھی ثابت ہو سکتا ہے اور کیا پتا ایک دن ایسا بھی آئے جب لوگوں کے کتے بلی پالنے کی وجوہات میں ان کے امراض کی تشخیص جیسی وجہ بھی شامل ہو جائے۔
XS
SM
MD
LG