رسائی کے لنکس

فرانس شدت پسندی سے نمٹنے کے لیے 2600 سے زائد اہلکار بھرتی کرے گا


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

فرانس کے وزیراعظم مانیئول والز نے کہا ہے کہ پیرس دہشت گردی کے خلاف جنگ کو تقویت دینے کے لیے مزید پچاس کروڑ ڈالر خرچ کرے گا۔

فرانس کے وزیراعظم مانیئول والز نے کہا ہے کہ ان کا ملک انتہا پسندوں کے خطرے سے نمٹنے کے لیے آئندہ تین سالوں کے دوران 2680 نئے سکیورٹی اہلکار بھرتی کرے گا۔

یہ اعلان انھوں نے بدھ کو اپنی کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس کے بعد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پیرس دہشت گردی کے خلاف جنگ کو تقویت دینے کے لیے مزید پچاس کروڑ ڈالر خرچ کرے گا۔

ادھر بدھ ہی کو فرانسیسی تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ انھوں نے مشرقی پیرس میں ایک سپرمارکیٹ پر ہونے والے حملے سے متعلق چار افراد پر فرد جرم عائد کی ہے۔ اس حملے میں چار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

استغاثہ نے کہا کہ جن افراد پر الزام عائد کیا گیا ہے ان کے مبینہ طور پر احمدی کوئیلیبے کے ساتھ روابط تھے، جس نے 9 جنوری کو ایک یہودی سپر مارکیٹ میں یرغمال بنائے گئے چار افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ اس واقعہ سے ایک روز قبل احمدی کوئیلیبے نے ایک خاتون پولیس اہلکار کو بھی ہلاک کیا تھا۔

ان چار افراد پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انھوں نے کوئیلیبے کو مدد فراہم کی تھی جو بعد میں پولیس کے ہاتھوں مارا گیا۔

فائرنگ کا یہ واقعہ پیرس میں ہوئے ان تین دہشت گرد حملوں کا حصہ ہے جس کا آغاز بدھ 7 جنوری کو پیرس میں فکاہیہ جریدے چارلی ایبڈو کے صدر دفتر میں 12 افراد کی ہلاکت سے شروع ہوا۔

فرانسیسی وزیر اعظم نے منگل کو ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ پیرس میں ہونے والے حالیہ حملوں نے فرانس میں ان کے بقول "جغرافیائی، سماجی اور نسلی امیتاز " کو نمایاں کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG