چین کے وسطی صوبے میں بزرگ شہریوں کے لیے قائم ایک ریسٹ ہاؤس میں آگ بھڑک اٹھنے سے 38 افراد ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے ہیں۔
اس بات کی تصدیق منگل کو چینی حکام نے کی ہے۔
ہنیان صوبے میں تحفظ کے امور کی انتظامیہ کے ایک بیان کے مطابق آگ لگنے کا یہ واقعہ پنگ دنگشان شہر میں ایک عمارت میں ہوا جو نجی ریسٹ ہاؤس کے طور پر استعمال ہو رہی تھی۔
بیان کے مطابق زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔
چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا کے مطابق امدادی کام منگل کی صبح تک جاری رہے اور آگ لگنے کی وجہ واضح نہیں ہے۔
معمر افراد کی بڑھتی ہوئی آبادی اور اُن کے سماجی تحفظ کے لیے ناکافی فنڈ کی وجہ سے چین کو معمر افراد کی محفوظ اور سستی دیکھ بھال کرنے کے حوالے سے دباؤ کا سامنا ہے۔
2013ء چین کے شمال مشرقی صوبے ہیولانگ جیانگ میں ایک ناراض مکین نے ایک ریسٹ ہاؤس کو آگ لگا دی جس سے وہ خود اور 10 دوسرے افراد ہلاک ہو گئے تھے۔