روشن مغل
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کی حکومت نے آئندہ ماہ سے تمام بڑے سرکاری اسپتالوں میں صحت کی دیکھ بھال سے متعلق ایمرجینسی سروسز مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پاکستانی کشمیر کے وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی نے منگل کے روز قانون ساز اسمبلی کے اجلاس کو بتایا کہ 25 مارچ سے ہنگامی علاج معالجے کی سہولتیں اور ادویات مفت مہیا کی جائیں گئی۔ جن میں سرنج سے لے کر دل کے عارضے میں لگائے جانے والے انجکش تک شامل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ مالی وسائل کی کمی کی وجہ سے صحت کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بہت سے مسائل کا سامنا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں قائم سرکاری صحت مراکز میں مریضوں کے لیے عمومی طور پر ادویات اور عملہ دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے حکومت کو تنقید کا سامنا کر نا پڑتا ہے۔
2005 میں پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور شمالی علاقہ جات میں تباکن زلزلے کے نتیجے میں زیادہ تر اسپتال زمین بوس ہو گئے تھے، جن کی جگہ نئے اسپتال تو تعمیر کر دیے گئے ہیں لیکن فنڈز کی کمی اور مبینہ بد عنوانی کی وجہ سے ان میں عملے کی غیر حاضری اور ادویات کی کمی کی شکایات کا سامنے آنا روزمرہ کا معمول بن چکا ہے۔