برطانیہ کی پولیس نے کہا ہے کہ پیر کی شام شمالی شہر مانچسٹر کے سٹی سینٹر میں دھماکا ہوا جہاں ایک امریکی گلوکار اریانا گرانڈے نے اپنا شو پیش کیا تھا۔
پولیس کے مطابق اس واقعے میں اب تک 19 افراد ہلاک اور 50 زخمی ہوئے ہیں۔
برطانیہ کی پولیس اس واقعے کو دہشت گرد حملہ تصور کر رہی ہے جب تک مزید معلومات نہیں حاصل ہو جاتیں۔
وزیراعظم ٹریسامے نے اسے قابل نفرت کارروائی قرار دیتے ہوئے اپنی انتخابی مہم معطل کر دی ہے۔
ایرینا کے باہر درجنوں پولیس اور ایمبولینس گاڑیاں موجود ہیں اور امدادی کارکن متاثرہ افراد کی مدد کر رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لوگ ایرینا کے علاقے میں آنے سے گریز کریں۔
خبررساں ادارے روئیٹرز نے بتایا ہے کہ کنسرٹ دیکھے والے افراد وہاں سے نکلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ایک عینی شاہد نے روئیٹرز کو بتایا کہ دو دھماکے ہوئے جس کے بعد 20 سے 30 افراد زمین پر گرے ہوئے نظر آئے۔
اریانا کے ترجمان نے کہا ہے کہ وہ حملے میں محفوظ رہیں۔
ٹوئٹر پر پوسٹ کی جانے والی ایک ویڈیو میں لوگوں کو تقریب کے مقام سے سراسیمگی کی حالت میں بھاگتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ سٹی سینٹر میں دو دھماکے ہوئے جن سے متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔
برطانیہ میں سیکیورٹی پہلے سے ہی ہائی الرٹ ہے۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ دہشت گرد حملے کا امکان موجود ہے۔