رسائی کے لنکس

کراچی: آتش زدگی سے ایک ہی خاندان کے سات افراد ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پولیس کے مطابق گلزارہ بی بی نامی خاتون کا ذہنی توازن درست نہیں تھا اور خاتون کا دو سال سے علاج جاری تھا۔

کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں ایک گھر میں آتش زدگی سے چھ بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے سات افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق واقعہ بلدیہ ٹاؤن کے علاقے ملنگ گوٹھ میں اتوار اور پیر کی درمیانی شب پیش آیا۔ آتشزدگی میں دو افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ذہنی مریضہ گلزارہ بی بی نامی خاتون نے اپنی ہی گھر کو رات گئے آگ لگا دی۔

گھر میں آتش زدگی کے نتیجے میں گلزارہ بی بی اپنے چھ بچوں سمیت جھلس کر موقع پر ہی ہلاک ہوگئیں جب کہ دو بچوں کو شدید زخمی حالت میں سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیاہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔

پولیس کے مطابق گلزارہ بی بی نامی خاتون کا ذہنی توازن درست نہیں تھا اور خاتون کا دو سال سے علاج جاری تھا۔

خاتون نے گھر میں جیسے ہی آگ لگائی تو اس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جس سے گھر میں موجود تمام افراد بری طرح جھلس گئے۔

آتش زدگی کی اطلاع ملنے پر فائر بریگیڈ نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔

گلزارہ بی بی کے شوہرعلی بخش کے مطابق ان کی بیگم کا ذہنی توازن درست نہیں تھا۔ وہ کسی کام سے گھر کو باہر تالا لگا کر گئے تھے اور پڑوسیوں کی جانب سے آگ کی اطلاع پر واپس آئے۔

گھر پر تالا لگے ہونے کے باعث آگ لگنے پر بچوں اور بیوی کو باہر نہیں نکالا جاسکا۔ پولیس واقعے کی مزید تفتیش کررہی ہے۔

  • 16x9 Image

    محمد ثاقب

    محمد ثاقب 2007 سے صحافت سے منسلک ہیں اور 2017 سے وائس آف امریکہ کے کراچی میں رپورٹر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔ وہ کئی دیگر ٹی وی چینلز اور غیر ملکی میڈیا کے لیے بھی کام کرچکے ہیں۔ ان کی دلچسپی کے شعبے سیاست، معیشت اور معاشرتی تفرقات ہیں۔ محمد ثاقب وائس آف امریکہ کے لیے ایک ٹی وی شو کی میزبانی بھی کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG