پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ افغانستان میں قیامِ امن کے لیے پاکستان اپنا کردار ادا کرتا رہے گا اور اس سے دونوں ممالک میں امن قائم ہو گا۔
پیر کو وزیراعظم عمران خان نے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان سے ملحق پاکستان اور افغانستان کی سرحد کا دورہ کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر جاری جنگ پاکستان پر مسلط کی گئی تھی جسکی وجہ سے پاکستان کو بے شمار مالی اور جانی نقصان ا ٹھانا پڑا۔ یہ پہلی دفعہ ہے کہ پاکستان کے کسی منتخب وزیراعظم نے پاکستان میں دہشتگردی کے خلاف جاری جنگ کو پرائی لڑائی قرار دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کی جنگ فوج اور عوام کے ساتھ مل کر لڑی اور اس میں کامیابی حاصل کی ہے۔
ایک روزہ دورے میں فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ ،وزیردفاع پرویزخٹک ،وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمودخان، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
میرانشاہ پہنچنے پر اعلیٰ فوجی حکام نے وزیراعظم کو علاقے کے امن وامان اور ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔ امن وامان کی مجموعی صورتحال، ترقیاتی و فلاحی منصوبوں اور عوام کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
عمران خان نے ایسے وقت پر شمالی وزیرستان کا دورہ کیا ہے جب پختونوں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے والی تنظیم پشتوں تحفظ موومنٹ بے تحریک شروع کر رکھی ہے۔
وزیراعظم نے افغانستان کے درمیان واقع اہم گزر گاہ غلام خان کا بھی دورہ کیا اور دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور آمدورفت پر تبادلہ خیال کیا ۔
میران شاہ میں وزیراعظم نے شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والے سرکردہ عمائدین کے روایتی جرگے سے بھی خطاب کیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے قبائلی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے سابق قبائلی علاقوں اور خیبرپختونخوا کی عوام کو مشکل وقت گزارنے ،مصیبتیں جھیلنے اور دہشت گردی کا سامناکرنے پر تعریف کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے شمالی وزیرستان میں مختلف ترقیاتی منصوبوں کا اعلان بھی کیا جس میں ایک یونیورسٹی اور کیڈٹ کالج کا قیام نمایاں ہیں۔
وزیراعظم کے دورے پر ممبر قومی اسمبلی محسن داوڑ نے وائس آف امریکہ سے بات چیت میں کہا کہ اس قسم کے دوروں کو نتیجہ خیز بنانے سے مسائل حل اور عوام مطمئن ہوں گے۔
محسن داوڑ نے دورے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس دورے سے لوگوں کو درپیش مشکلات اور بڑھتی ہوئی بے چینی میں کمی آئے گی۔