پہلے بولرز اور پھر بیٹسمینوں کی اچھی کارکردگی کے باعث پاکستان نے چوتھے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں جنوبی افریقا کو8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز دو۔دو سے برابر کردی۔رواں سیریز میں وکٹوں کے اعتبار سے کسی بھی ٹیم کی یہ سب سے بڑی فتح ہے۔
اس جیت کے ساتھ ہی پاکستان پنک ون ڈے انٹرنیشنل میں جنوبی افریقا کو شکست دینے والا پہلا ملک بن گیا ہے۔
عثمان شنواری کی تباہ کن بولنگ کی وجہ سے جنوبی افریقا کی ٹیم صرف 165 رنز کا ہدف دے پائی تھی جسے پاکستانی بیٹسمینوں نے32 ویں اوورز میں2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
آسان ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز امام الحق اور فخرزمان نے 70 رنز کا پراعتماد آغاز دیا۔ فخر 44 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 44رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
حالیہ سیریز میں یہ اُن کا سب سے زیادہ انفرادی اسکور ہے۔ پہلے، دوسرے اور تیسرے ون ڈے میں بالترتیب 25، 26 اور 2 رنز بنائے تھے۔
اچھی اوپننگ کے بعد ون ڈاؤن بیٹسمین بابر اعظم نے بھی امام الحق کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں بیٹسمینوں نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 94رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور جنوبی افریقا کے برابر کردیا۔ اس دوران امام الحق نے ون ڈے میچوں میں اپنی پانچویں نصف سنچری بھی مکمل کی۔
لیکن جب جیت کے لئے صرف ایک رن درکار تھاکہ امام الحق 71رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔
امام الحق سیریز میں پاکستان کی طرف سے اب تک سب سے زیادہ رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں۔ وہ چار اننگز میں 78اعشاریہ 5 کی اوسط سے مجموعی طور پر 314رنز بنا چکے ہیں جس میں ایک سنچری بھی شامل ہے۔
نئے آنے والے بیٹسمین رضوان احمد نے پہلی ہی گیند پر چوکا لگا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ یوں سیریز دو، دو سے برابر ہوگئی۔بابر اعظم 41رنز بناکر ناٹ آؤٹ پویلین واپس آئے۔
سیریز کا آخری اور فیصلہ کن میچ 30جنوری کو کیپ ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔
اس سے قبل پاکستان کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کے فیصلے کے بعدجنوبی افریقہ نے ڈی کوک اور ہاشم آملہ کو اننگز کے آغاز کی غرض سے بھیجا لیکن شاہین آفریدی نے دوسرے ہی اوور میں ڈی کوک کو ’گولڈن ڈک ‘ بناکر پویلین واپس بھیج دیا۔
ان کی جگہ ہینڈرکس بیٹنگ کے لیے آئے مگر صرف 2 رنز بناکر اولٹے پاؤں لوٹ گئے جس کے بعدفاف ڈوپلسی اور ہاشم آملہ نے تیسری وکٹ کے طور پر 101 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی ۔ڈوپلسی 57 رنز بناکر شاداب خان اور ہاشم آملہ 59 رنز پر عماد وسیم کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے جب۔
ڈیوڈ ملر 4 اور اینڈائل فیلوکایو 11 رنزبناکر آؤٹ ہوئے ۔ عثمان شنواری نے ایک ہی اوور میں 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔ ادھر عمران طاہر کوشاداب خان نے پویلین کی راہ دکھائی۔
عثمان شنواری نے 4، شاداب خان اور شاہین آفریدی نے 2،2 جبکہ محمد عامر اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔