رسائی کے لنکس

بھارت: انتخابات کے چھٹے مرحلے کی پولنگ مکمل


انتخابات کے نتائج کا اعلان 23 مئی کو کیا جائے گا۔
انتخابات کے نتائج کا اعلان 23 مئی کو کیا جائے گا۔

بھارت میں پارلیمانی انتخابات کے چھٹے مرحلے کے لئے پولنگ کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ دارالحکومت دہلی سمیت سات ریاستوں کی 59 نشستوں کے لئے بھارتی عوام نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

اترپردیش میں 14، ہریانہ میں 10، بہار میں 9، مغربی بنگال اور مدھیہ پردیش میں آٹھ آٹھ، دہلی میں تمام سات نشستوں اور جھارکھنڈ میں چار نشستوں کے لیے ووٹ ڈالے گئے۔

اس مرحلے میں کل 968 اُمیدوار میدان میں ہیں جبکہ دس کروڑ سے زائد بھارتی عوام نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ چھٹے مرحلے کی پولنگ کے لئے ان علاقوں میں ایک لاکھ سے زائد پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے تھے۔

اعظم گڑھ سے سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلش یادیو، بھوپال سے کانگریس رہنما وجے سنگھ اور بی جے پی کی سادھوی سنگھ ٹھاکر بھی میدان میں ہیں۔

نئی دہلی کی سابق وزیر اعلیٰ شیلا ڈیکشٹ، کانگریس رہنما اجے ماکن، بی جے پی دہلی کے صدر منوج تیواری، باکسر وجیندر سنگھ، کرکٹر گوتم گمبھیر، جیوترادتیہ سندھیا، مینکا گاندھی اور مرکزی وزیر ہرش وردھن بھی انتخابی عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق دارالحکومت دہلی میں عام آدمی پارٹی، کانگریس اور بی جے پی کے اُمیدواروں کے مابین اصل مقابلہ ہے۔ یہاں سات نشستوں کے لیے 164 اُمیدوار میدان میں ہیں جن میں 16 خواتین اور 43 آزاد امیدوار ہیں۔

مبصرین کے مطابق مغربی بنگال میں بی جے پی اور حکمران ترنمول کانگریس کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ دونوں پارٹیوں کے مابین تصادم بھی ہو چکا ہے۔ انتخابات سے قبل دونوں جماعتوں کے دو کارکن بھی ہلاک ہوئے تھے۔

اس علاقے میں بی جے پی کی امیدوار بھارتی گھوش پر پتھراؤ بھی ہوا تھا جبکہ پولنگ اسٹیشن پر حملے کی بھی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

چھٹے مرحلے کے انتخابات کے لئے نئی دہلی میں سونیا گاندھی، راہول گاندھی، سشما سوراج اور اروند کیجری وال سمیت دیگر اہم شخصیات نے ووٹ کاسٹ کئے۔

راہول گاندھی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ پوری مہم میں وزیر اعظم نریندر مودی نے نفرت کا اور ہم نے محبت کا پیغام دیا امید ہے محبت کامیاب ہو گی۔

نئی دہلی میں متعدد پولنگ اسٹیشنز پر الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں خرابی کی شکایات بھی موصول ہوئی ہیں۔ جبکہ یہاں سب سے معمر شخص 111 سالہ بچن سنگھ نے بھی ووٹ ڈالا۔

چھٹے مرحلے کے انتخابات کے لئے سکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔

لوک سبھا کے مرحلہ وار انتخابات کے ساتویں مرحلے کے لئے پولنگ 19 مئی کو ہو گی جبکہ نتائج کا اعلان 23 مئی کو کیا جائے گا۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG