رسائی کے لنکس

بھارت، نئے آرمی چیف نے پہلے ہی بیان میں پاکستان کو خبردار کر دیا


بھارتی فوج کے نئے سربراہ جنرل موکنڈ ناراوانے۔ فائل فوٹو
بھارتی فوج کے نئے سربراہ جنرل موکنڈ ناراوانے۔ فائل فوٹو

بھارت میں نئے آرمی چیف جنرل منوج موکنڈ نراوانے نے منگل کے روز عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے ہی بیان میں پاکستان کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت سرحد پار دہشت گردی کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کیلئے پری ایمپٹیو سرجیکل سٹرائیک یا پیشگی سرجیکل حملہ کرنے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمارا ہمسایہ دہشت گردی کو ریاستی پالیسی کے طور پر استعمال کر رہا ہے اور بھارت کے خلاف پراکسی جنگ جاری رکھے ہوئے ہے۔

بھارت کے زیر انتظام کشمیر کی خصوصی نیم خود مختار حیثیت ختم کیے جانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ کشمیر میں حالات تیزی سے معمول پر آ رہے ہیں۔

جنرل منوج موکنڈ نراوانے نے منگل کے روز سابق آرمی چیف جنرل بپن راوت سے عہدے کا چارج لیا۔ وہ اس سے پہلے وائس چیف آف آرمی سٹاف تھے۔ بھارتی فوج کے نئے سربراہ ایک مراٹھی خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے والد بھی آرمی آفیسر تھے، جبکہ والدہ آل انڈیا ریڈیو سے منسلک رہ چکی ہیں۔

جنرل ناراوانے سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل بپن راوت سے چارج لے رہے ہیں
جنرل ناراوانے سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل بپن راوت سے چارج لے رہے ہیں

سابق آرمی چیف جنرل بپن راوت کو چیف آف ڈیفنس سٹاف کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔ وہ اپنے نئے عہدے کا چارج بدھ کے روز سنبھالیں گے۔

چیف آف ڈیفنس سٹاف کا عہدہ فور سٹار جنرل اور بھارت کی تینوں مسلح افواج کے سربراہوں کے برابر ہی ہوگا ۔ بھارت میں یہ عہدہ حال ہی میں قائم کیا گیا ہے اور جنرل راوت اس عہدے پر تعینات ہونے والے پہلے چیف ہیں۔ وہ براہ راست وزیر دفاع کے تابع ہوں گے۔ تاہم بھارتی مسلح افواج کے سربراہ ان کے ماتحت نہیں ہوں گے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق وہ تینوں مسلح افواج کے سربراہوں کے ساتھ مشاورت کرتے رہیں گے اور دفاعی امور پر وزیر دفاع کو اپنی رائے سے آگاہ کریں گے۔

بتایا جاتا ہے کہ چیف آف ڈیفنس سٹاف مشترکہ کمانڈ کے ذریعے تینوں مسلح افواج کے ایک مربوط نظام کی تشکیل کیلئے وزیر دفاع کی مدد کریں گے۔

بھارتی حکومت نے مسلح افواج کے ضابطوں میں تبدیلی کرتے ہوئے تینوں افواج کے سربراہان کی سبکدوشی کی عمر 62 سے بڑھا کر 65 سال کر دی ہے۔

XS
SM
MD
LG