میکسیکو کی سرحد کے قریب ریاست کیلی فورنیا کی ایک سڑک پر ویگن اور ایک ٹرک کی ٹکر کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے تمام افراد ایک ایسی ویگن میں سوار تھے جس میں 8 مسافر بٹھانے کی گنجائش تھی، لیکن ڈرائیور سیٹ کے علاوہ تمام سیٹیں نکال کر ویگن کے فرش پر 25 افراد کو بٹھایا گیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جب وہ جائے حادثہ پر پہنچی سن 1997 ماڈل کی فورڈ ویگن سے مسافر رینگ کر باہر نکلنے کی کوشش کر رہے تھے۔ زندہ بچ جانے والے کچھ لوگ آس پاس کھیتوں میں گھوم پھر رہے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے سب سے پہلے موقع پر پہنچنے والی ٹیم کو ویگن سے 12 نعشیں ملیں، جب کہ ایک زخمی اسپتال میں دم توڑ گیا۔ یہ حادثہ کیلی فورنیا سے تقریباً 125 میل کے فاصلے پر ایک ایسی دو رویہ ہائی وے پر پیش آیا جو کھیتوں کے درمیان سے گزرتی ہے۔
پولیس کے نزدیک اس ویگن کو انسانی اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا کیونکہ ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق میکسیکو سے تھا۔
فارن ریلیشیز ڈپارٹمنٹ میں نارتھ امریکہ افیئرز فار میکسیکو کے ڈائیریکٹر رابرٹو ویلاسکو نے منگل کے روز اپنی ایک ٹوئٹ میں یہ تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں سے کم ازکم 10 کی شناخت میکسیکو کے شہریوں کے طور پر ہوئی ہے، تاہم انہوں نے ان کی شناخت ظاہر نہیں کی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ حادثہ کیسے ہوا اور نہ ہی یہ پتا چل سکا کہ آخر ایک چھوٹی ویگن میں اتنے زیادہ لوگوں کو کیوں بٹھایا گیا تھا۔
ہائی وے پٹرول چیف عمر واٹسن کا کہنا ہے کہ ویگن کی درمیانی اور آخری سیٹیں نکال کر زیادہ لوگوں کو فرش پر بٹھانے کی گنجائش پیدا کی گئی تھی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک یہ بھی واضح نہیں ہے کہ ان غیرملکی باشندوں کو کہاں لےجایا جا رہا تھا، اور یہ کہ آیا ان سے کاشت کاری کا کام لینا تھا یا انہیں کسی اور مقصد کے لیے لایا گیا تھا۔ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ محکمہ ہوم لینڈ سیکیورٹی نے انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے ابتدائی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
کسٹم اینڈ بارڈر پروٹیکشن کے ترجمان مکاریئو مورا نے کہا ہے کہ حادثے کے وقت ان کے محکمے کے ایجنٹ ویگن کا پیچھا نہیں کر رہے تھے۔ ہمیں یہ معلوم نہیں ہے کہ وہ کون لوگ تھے اور ایک چھوٹی گاڑی کے اندر اتنی تعداد میں کیوں بیٹھےتھے۔
عہدے داروں کا کہنا ہے کہ ویگن میں سوار افراد کی عمریں 15 سے 53 سال کے درمیان تھیں۔ ڈرائیور کا تعلق میکسیکو سے تھا اور اس کی عمر 28 سال تھی۔ وہ ہلاک ہونے والوں میں شامل ہے۔ جب کہ ٹرک کا ڈرائیور 68 سال کا ہے۔ وہ زخمی ہے اور اسپتال میں زیر علاج ہے۔ زندہ بچ جانے والے مسافر زخمی ہیں۔ ان کے زخموں کی نوعیت مختلف ہے اور وہ مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثہ اس وقت ہوا جب ویگن ہائی وے پر چڑھنے کی کوشش کر رہی تھی جب کہ وہاں سے ٹرک گزر رہا تھا۔ تاہم یہ معلوم نہیں ہے کہ غلطی کس جانب سے ہوئی۔
اس علاقے میں زیادہ تر سبزیاں کاشت کی جاتی ہیں، جن کے لیے روانہ ہزاروں کی تعداد میں مزدور سرحد پار سے آتے ہیں۔ انہیں لانے والی گاڑیاں عموماً دیہاتی سڑکوں پر سفر کرتی ہیں۔ تاہم یہ اطلاعات بھی موجود ہیں کہ اس علاقے میں ٹرکوں اور دوسری گاڑیوں کے ذریعے انسانی اسمگلر، لوگوں کو غیر قانونی طور پر امریکہ میں لاتے ہیں۔