امریکہ کے صدر جوبائیڈن نے سابق فوجیوں کی یاد میں منائے جانے والے دن کی تقریب کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ خود امریکہ کے اندر اور دنیا بھر میں ہر جگہ جمہوریت خطرے میں ہے۔
صدر بائیڈن نے ان خیالات کا اظہار نائب صدر کاملا ہیرس اور اعلیٰ فوجی عہدے داروں کے ہمراہ امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے نزدیک آرلنگٹن میں واقع فوجی قبرستان میں یادگار پر پھول چڑھانے کے بعد اپنے خطاب میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم اب کیا کرتے ہیں اور کس طرح اپنی جانیں گنوانے والوں کو یاد رکھتے ہیں، اس سے یہ پتا چلے گا کہ جمہوریت قائم رہے گی یا نہیں۔
بائیڈن ڈھکے چھپے انداز میں بظاہر اس سال 6 جنوری کو ان لوگوں کی جانب سے کیپیٹل ہل کے محاصرے کی طرف اشارہ کر رہے تھے، جو سابق صد ڈونلڈ ٹرمپ کے حق میں، نومبر کے انتخابات میں صدر بائیڈن کی جیت کی توثیق روکنے کے لیے آئے تھے۔
اپنے 22 منٹ کے اس خطاب میں صدر بائیڈن نے میڈیا سے کہا کہ وہ سچ کو تلاش کریں، اس سچ کو جس کی بنیاد حقائق پر ہو نہ کہ پراپیگنڈے پر۔
سنہ 1868 کی خانہ جنگی کے دوران مئی کے اواخر میں امریکہ میں 'میموریل ڈے' کا اجرا ہوا تھا، جس کا مقصد جنگوں میں جان دینے والے امریکی فوجیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا تھا۔
یہ دن اب ہر سال مئی کے آخری پیر کو منایا جاتا ہے۔ اس روز امریکہ میں عام تعطیل ہوتی ہے۔
قومی تعطیل کے اس دن واشنگٹن ڈی سی سے کچھ دور واقع آرلنگٹن نیشنل سیمٹری کی طرح ملک کے دیگر فوجی قبرستانوں میں قبروں کے سرہانے قومی پرچم رکھے جاتے ہیں، جہاں ملک کے لیے جانیں دینے والے مدفون ہیں۔
اس سے ایک روز قبل صدر بائیڈن نے ڈیلاویئر میں ایک گھر کے سامنے اکٹھے ہونے والے سابق فوجیوں اور ان کے خاندانوں سے خطاب کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ہم نے آزادیوں کی کیا قیمت ادا کی ہے۔ ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ یہ قیمت ادا کرنے والوں کا ہم پر کیا قرض ہے اور ہمیں ان خاندانوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو وہ اپنے پیچھے چھوڑ گئے ہیں۔
امریکہ میں میموریل ڈے وطن کی خاطر جنگوں میں اپنی جانیں قربان کرنے والوں کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
اس دن کو امریکہ میں روایتی طور پر موسم گرما کے باقاعدہ آغاز کے طور پر بھی دیکھا جاتا ہے۔ جس کے بعد امریکہ بھر میں روایتی طور پر سفر اور تفریح کے موسم کا باقاعدہ آغاز ہو جاتا ہے۔
امریکہ کے محکمہ ٹرانسپوٹ کے مطابق گزشتہ سال میموریل ڈے پر کرونا وائرس کی وجہ سے زیادہ لوگوں نے سفر نہیں کیا لیکن اس سال لانگ ویک اینڈ پر جمعرات اور جمعے کے روز 18 لاکھ افراد نے ملک بھر میں ہوائی جہازوں کے ذریعے سفر کیا۔