پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما عمران خان نے موجودہ حکومت کے خلاف مئی کے آخری ہفتے میں اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر دیا ہے۔
ہفتے کو اپنے ویڈیو پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی کور کمیٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ مئی کے آخری ہفتے میں اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کیا جائے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ وہ نہ صرف تحریکِ انصاف بلکہ تمام پاکستانیوں کو کال دے رہے ہیں کیوں کہ ہمارے ملک کی توہین کی گئی۔ بدعنوان لوگوں کو ہمارے اُوپر مسلط کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نئی کابینہ میں شامل 60 فی صد لوگ ضمانت پر ہیں جب کہ ملک کے وزیرِ اعظم پر 40 ارب روپے کی کرپشن کے الزامات ہیں۔
عمران خان کے بقول لانگ مارچ کی تیاری کا آغاز چاند رات سے کریں گے، وہ نوجوانوں سے خاص طور پر کہتے ہیں کہ وہ چاند رات کو جھنڈے پکڑ کر نکلیں اور پوری دنیا کو بتائیں کہ پاکستان ایک زندہ قوم ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں عوام کا سمندر جمع ہو گا جو یہ بتائے گا کہ کوئی بیرونی ملک پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرے۔
بیرونی سازش کے الزامات
خیال رہے کہ عمران خان نے گزشتہ ماہ اپنے خلاف تحریکِ عدم اعتماد آنے کے بعد الزام عائد کیا تھا کہ امریکہ کے ایما پر موجودہ حکمرانوں نے اُن کی حکومت کو گرانے کی سازش کی۔ اس حوالے سے وہ مبینہ دھمکی اامیز مراسلے کا بھی تذکرہ کرتے ہیں جو پاکستان میں امریکی سفیر کے حوالے کیا گیا تھا۔
البتہ پاکستان کی سول اور عسکری قیادت پر مشتمل قومی سلامتی کمیٹی نے اپنے حالیہ اجلاس کے اعلامیے میں کہا تھا کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف کسی بھی بیرونی سازش کے شواہد نہیں ملے۔
امریکی محکمۂ خارجہ نے بھی مختلف مواقع پر عمران خان کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ پاکستان میں جمہوری عمل کی قدر کرتا ہے، تاہم عمران خان کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔