رسائی کے لنکس

فلسطینی نژاد صحافی شیریں اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے ہلاک ہوئیں، اقوام متحدہ پینل کی رپورٹ


فلسطینی کیمپ کی کوریج کے دوران گولی لگنے سے ہلاک ہونے والی صحافی شیریں ابوعاقلہ کے حق میں ترکی میں مظاہرہ۔
فلسطینی کیمپ کی کوریج کے دوران گولی لگنے سے ہلاک ہونے والی صحافی شیریں ابوعاقلہ کے حق میں ترکی میں مظاہرہ۔

ایک فلسطینی نژاد امریکی صحافی، شیریں ابو عاقلہ کو ، 11 مئی کو شمال مغربی کنارے کے جینین کیمپ میں اسرائیلی فوج کی کارروائی کی کوریج کے دوران گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا،باوجودیکہ،انہوں نےپریس کے نشان والی جیکٹ اور ہیلمٹ بھی پہنا ہوا تھا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کی ترجمان روینا شمداسانی نے جنیوا میں صحافیوں کو بتایا کہ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ ابو عاقلہ جس فائرنگ سے ہلاک ہوئیں، وہ اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کی طرف سے ہوئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بات انتہائی تکلیف دہ ہے کہ اسرائیلی حکام نے اس جرم کی تحقیقات نہیں کیں۔

’’ ہم نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر میں اس واقعے کی اپنی آزادانہ تحقیقات مکمل کر لی ہیں‘‘۔

انہوں نے کہا کہ جن گولیوں سے ابو عاقلہ ہلاک اور ان کے ساتھی علی صمودی زخمی ہوئے وہ اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کی طرف سے آئی تھیں نہ کہ مسلح فلسطینیوں کی اندھا دھند فائرنگ سے جیسا کہ ابتدائی طور پر اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ معلومات اسرائیلی فوج اور فلسطینی اٹارنی جنرل نے فراہم کی ہیں۔

شمداسانی نے کہا کہ ہمیں ایسی کوئی معلومات نہیں ملیں ، جن سے یہ پتہ چلتا ہو کہ جہاں یہ صحافی موجود تھے اس کے قریب ، مسلح فلسطینیوں کی کوئی سرگرمی ہورہی تھی۔

تحقیقات کے مطابق ، سات صحافی صبح 6 بجے کے فوراً بعد جینین مہاجر کیمپ کے مغربی دروازے پر پہنچے۔

صبح ساڑھے چھ بجے کے قریب، ان میں سے چار صحافی جب ایک خاص گلی کی طرف مڑے تو ،اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کی سمت سے ان پر نشانہ باندھ کر کئی گولیاں چلائی گئیں۔

ایک گولی علی صمودی کے کندھے میں لگی جس سے وہ زخمی ہو گئے جب کہ دوسری گولی ابو عاقلہ کے سر میں لگی اور وہ فوراً ہلاک ہو گئیں ۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کی سربراہ مشیل بیچلیٹ نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ ابو عاقلہ کے قتل اور مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں دیگر تمام ہلاکتوں اور غزہ میں قانون نافذ کرنے والی کارروائیوں کے تناظر میں جرائم کی تحقیقات شروع کرے۔

XS
SM
MD
LG