برطانیہ میں 70 برس سے زائد عرصے تک شاہی حکمران رہنے والی ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال کے بعد اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس کی سیریز 'دی کراؤن' کی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
خبررساں ادارے 'اے ایف پی'کے مطابق نیٹ فلکس کی سیریز 'دی کراؤن' نے نئی نسل کو شاہی خاندان کے تصورات اور نظریات کو آسان شکل میں ڈھال کر سمجھنے میں مدد دی ہے۔
'دی کراؤن' کا پہلا سیزن 2016 میں نشر ہوا تھا جس میں الزبتھ دوم کی 25 برس کی عمر سے ملکہ بننے کے سفر کو بیان کیا ہے۔
واضح رہے کہ ملکۂ برطانیہ آٹھ ستمبر کو 96 برس کی عمر میں انتقال کرگئی تھیں۔ ان کی وفات کے بعد 'دی کراؤن' کی مختلف ممالک میں ریٹنگ بڑھ رہی ہے۔
برطانوی اخبار 'دی گارڈین' نے ٹیکنالوجی کمپنی 'وپ میڈیا' کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ برطانیہ میں سیریز دیکھنے والوں کی تعداد میں 800 فی صد اضافہ ہوا ہے جب کہ فرانس میں سیریز کےناظرین کی تعداد میں تین گنا اور امریکہ میں چار گنا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
نیٹ فلکس پر 'دی کراؤن' کے چار سیزنز ریلیز کیے جا چکے ہیں جب کہ پانچواں سیزن نومبر 2022 میں ریلیز کیا جائے گا۔ پانچواں سیزن 1990 کی دہائی میں شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کے تعلقات میں دوری کے واقعات کے گرد گھومتا ہے۔
'دی کراؤن' کے چھٹے سیزن کی عکس بندی جاری ہے جو ملکہ کے انتقال کے بعد ایک دن کے لیے ملتوی کر دی گئی تھی۔
'اب شاہی خاندان میں دلچسپی بڑھ گئی ہے'
'اے ایف پی' کے مطابق 33 سالہ ورجینی ویغی کہتی ہیں کہ انہیں 'دی کراؤن' سیریز بہت اچھی لگی۔ ان کے بقول''اس سیریز کو دیکھنے کے بعد انہیں شاہی خاندان کے بارے میں بہت کچھ جاننے کو ملا۔''
ورجینی ویغی اپنے کام سے متعلق ورک ٹرپ پر تھیں اور اس دوران انہوں نے برطانیہ کے شاہی محل بکنگھم پیلس بھی جانے کا فیصلہ کیا۔وہ شاہی خاندان کے بارے میں زیادہ کچھ نہیں جانتی تھیں لیکن اب ان کی دلچسپی بڑھ گئی ہے۔
آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والی گائی ریکلس نے 'اے ایف پی' کو بتایا کہ انہیں 'دی کراؤن' بے حد پسند ہے اور انہیں ملکہ سے محبت ہے۔
ان کے بقول اب ان کے دل میں ملکہ کے لیے ہمدردی بڑھ گئی ہے، انہیں پہلے یہ معلوم نہیں تھا کہ الزبتھ دوم کو ملکہ بننے کے لیے کیا قربانیاں دینی پڑیں۔
ورجینی ویغی کا کہنا ہے کہ ہم یہاں (بکنگھم پیلس)میں 'دی کراؤن' سیریز کا اختتام اپنی آنکھوں سے دیکھ رہے ہیں۔
اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے 'اے ایف پی' سے لی گئی ہیں۔